کہانی کار۔ : بشیر سدوزئی خان / تصاویر : اسد کلِکس
راولاکوٹ آزاد کشمیر کا ایک خوبصورت اور صحت افزا مقام ہے ۔ جو اب بڑے شہر میں تبدیل ہو رہا ہے۔ یہ پونچھ، باغ، سدھنوتی اورحویلی چار اضلاع پر مشتمل ڈویژن کا صدر مقام ہے ۔
سطح سمندر سے 1600 میٹر بلندی پر واقع راولاکوٹ کی وادی موسم بہار میں سراپا رنگ و بو بن جاتی ہے۔ یہ شہرسیاحوں کے لئے بہت زیادہ پرکشش بنتا جارہا ہے۔
یہاں ٹورسٹ ہاؤسز کے علاوہ کئی اچھے ہوٹل بھی موجود ہیں۔ لہذا سیاحوں کے لئے رہائش کا مسئلہ نہیں ہوتا۔ اسلام آباد سے براستہ کہوٹہ ، آزاد پتن زیادہ سے زیادہ تین گھنٹے میں پہنچا جا سکتا ہے ۔
راولاکوٹ چاروں طرف سر سبز پہاڑوں سے گھرے ہوا ہے۔ اس شہر سے خوبصورت اور صحت افزا مقام بن جوسہ جھیل 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ گرمیوں میں یہاں موسم شدید گرم نہیں ہوتا ۔مگر سردیوں میں شدید سردی اور برف پڑتی ہے۔
راولاکوٹ آزاد کشمیر کے مرکز میں واقع ہے ۔مظفر آباد جانے کے لئے ایک اور خوبصورت اور حسن کی دیوی سدھن گلی کو عبور کرنا پڑتا ہے۔ جو پیر پہنجال کے سلسلہ گنگا چوٹی کے دامن میں واقع ہے ۔
راولاکوٹ میں تقریباً تمام کمپنیوں کے موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے۔ لیکن انٹرنیٹ سروس کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ راولاکوٹ میں ایک بڑی یونیورسٹی، میڈیکل کالج، کالج آف انجئنرنگ اینڈ ٹیکنولوجی، طلبہ اور طالبات کے لیے علیحدہ علیحدہ پوسٹ گریجویٹ کالجز اور دیگر کثیر تعداد میں تعلیمی ادارے موجود ہیں ۔