فرح ناز کا تعلق روشنیوں کے شہر کراچی سے ہے۔ ادبی ذوق والدہ کی طرف سے ودیعت ہوا ہے۔شاعری کے علاوہ نثر نگاری بھی کرتی ہیں ۔ سکول کی سطح تک تقاریر،مضمون نگاری، مشاعرے، بیت بازی جیسے مقابلو ں میں متعدد انعامات جیتے اور پھرکالج پہنچ کر یہ شوق اور فن مزید پروان چڑھا۔ انھوں نے مختصر افسانے بھی لکھے۔ان کی شاعری،اخبارات اور رسائل کی زینت بنتی رہی۔اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی حوصلہ افزائی شامل حال رہی لیکن زندگی کے تغیر وتبدل کی وجہ سے ان کے تخلیقی سفر میں ایک طویل سکوت آ گیا۔قدرے فرصت ملی تو کاغذ اور قلم سے رشتہ بحال کیا تو دنیا سمٹ کر جیسے ہاتھوں میں سما گئی۔
ان کی نثر ی اور شعری تخلیقات موقر ادبی جرائد میں شائع ہوتی ہیں۔علاوہ ازیں علمی و ادبی انجمنوں کے زیر اہتما م منعقدہ مقابلوں میں ان کی تحریریں ہمیشہ منصفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہتی ہیں۔سوشل میڈیا کے فعال ادبی گروپوں کی سرگرمیوں سے بھی ان کی شاعری کوجلاملی ہے۔ ان گروپوں میں انھیں بہت اچھے دوست، قدر دان اور اساتذہ ملے جنھوں نے ان کو شعری مجموعہ شائع کرانے پر مائل کیا۔ افسانوں کے مجموعوں’’کنج آبگیں‘‘ اور’’طیف عکس‘‘ کی طباعت پر بھی انھیں بھرپور پزیرائی ملی۔ دونوں مجموعوں میں فرح ناز سمیت مایہ ناز قلم کاروں کی تخلیقات شامل ہیں۔’’طیف عکس‘‘ابھی حال ہی میں شائع ہوئی ہے جس میں ان کے چھ افسانے شامل ہیں۔ فرح ناز فرح کی ایک اور تصنیف‘‘خزاں رُت میں امید گل‘‘ زیرِ طباعت ہے اور امید ہے کہ بہت جلد دوسرا شعری مجموعہ بھی منظر عام پر آئے گا۔ پریس فار پیس فا ؤنڈیشن ( برطانیہ ) کے زیرا ہتمام ان کا شعری مجموعہ عشقم شائع ہوا ہے جسے ادبی حلقوں میں پسند کیا گیا ہے۔
جولائی 2023 میں فرح ناز فرح کے افسانوں کا مجموعہ لمس آشنائی شائع ہواہے۔