Tuesday, May 21
Shadow

شفا چودھری کے افسانوی مجموعے  “گونگے لمحے” پر حسن امام کا تبصرہ

تبصرہ : حسن امام ۔ کراچی

شفا چودھری ایک ابھرتی ہوئی افسانہ نگار ہیں ، انہوں نے بہت تیزی سے اپنی شناخت بنائی اور بہت جلد ہی ان کا ایک افسانوی مجموعہ “ گونگے لمحے “ مَنَصَّۂ شُہُود پر آیا

۔سولہ افسانوں اور  سترہ مختصر افسانوں کی اس کتاب کا عنوان دلچسپ ہے جو قاری کی توجہ اپنی جانب کھینچ لیتا ہے ۔ کتاب میں شامل تمام افسانوں میں ان کی تخلیقی صلاحیت اور حقیقت نگاری پورن ماشی کے چاند کی طرح نظر آتی ہے ۔
موضوعات اور مرکزی خیالات کے  حوالے سے اگر شفاء چودھری کے افسانوں پر نظر ڈالی جائے تو ان میں سماجی آگہی کی کرب ناکی بھی نظر آتی ہے اور خیر و شر کے درمیان کھینچا تانی کی جھلکیاں بھی دکھائی دیتی ہیں ۔ ان کے رومانی افسانے بھی پڑھنے کا لطف دوبالا کرتے ہیں ۔ان سبھوں کی پیش کش میں انہوں نے وہی اسلوب اپنائے ہیں جو ان سے ہم آہنگ ہیں ۔ ایک دو افسانوں میں انہوں نے کئی اسالیب کے رنگوں میں برش ڈبو کر ہئیتی اعتبار سے ایک نیا رنگ سامنے لانے کی کوشش کی ہے لیکن خوبی یہ ہے کہ ان رنگوں کو افسانے کے چہرے پر اس طرح نہیں ملا کہ اس کے سارے نقوش ہی چھپ جائیں اور وہ بے معنویت اور لا یعنیت کی حدوں کو چھونے والی ایسی تحریر بن جائے جو ترسیل سے عہدہ برآ ہونے کی اہلیت نہیں رکھتی ۔ اس حوالے سے ان کے افسانے “ عکس کے پار “ کی مثال دی جا سکتی ہے ۔ اس مجموعے کے بیشتر افسانوں کی کہانی ان کے مشاہدے اور تجربے کی ضامن ہے ۔ انہوں نے جس موضوع کو افسانے کا روپ دیا ہے اس سے پورا انصاف کیا ہے ۔ وہ اپنے افسانوں کے مواد کے اثر کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور اس میں وہ بڑی حد تک کامیاب رہی ہیں ۔ اس عمر میں قلم پر مضبوط گرفت اس امر کی عکاس ہے کہ ان کا مستقبل تابناک ہے ۔
جہاں تک زبان و بیان کا تعلق ہے تو اس سلسلے میں شفاء نے شاعرانہ زبان کی پیروی کی ہے ۔ ان کے افسانوں کی زبان آراستہ و پیراستہ ہوتی ہے ۔ الفاظ کے انتخاب میں تخلیقی رچاؤ پایا جاتا ہے جو قاری کی جمالیات کو سیراب کرتا ہے ۔ “ گونگے لمحے “ ان کا پہلا افسانوی مجموعہ بھی  ہے اور ان کی افسانہ نگاری کے دور کا پہلا پڑاؤ بھی ۔ خواہش ہے اور دعا بھی کہ اس کے بعد وہ نئے عزائم اور نئے تجربوں کے ساتھ نئے سفر پر روانہ ہوں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact