تحریر  : ارشد ابرار ارش

عظیم مارکیز فرماتے ہیں 

 ” ایک ادیب ، غرقاب شدہ جہاز کے ملاح کی طرح ، سمندر کے بیچوں بیچ بالکل تنہا ہوتا ہے ، اس پیشے کی تنہائی کسی بھی دوسرے پیشے کی تنہائی سے بڑھ کر ہے کہ جب آپ لکھ رہے ہوں تو کوئی بھی شخص آپ کی مدد نہیں کرسکتا “

یقین کیجیے یہی آخری سچ ہے دوستو ۔ کسی بھی قلمکار کیلیے اپنی ذات کی پرتیں آشکار کرنے سے بڑھ کر کارِ دشوار شاید کوٸی نہ ہو ۔

میں کون ہوں اور کیا ہوں میں ۔۔۔؟ اس سے قطعِ نظر اپنی   ” ریزگاری “ کی صورت اب آپ کے ہاتھوں میں موجود ہوں ۔

یہ ریزگاری ہے ۔ میرے پانچ سالوں کے رتجگے،  میری کچی پکی نیندیں اور میرے خواب ہیں۔ 

وہ خواب جو اِن جاگتی آنکھوں نے دیکھے تھے اب اوراق کا پیرہن اوڑھ کر تعبیر پا چکے ہیں ۔ 

اوراق کے وہ سفید پیرہن کہ جن پر کالے سیاہ حروف سے کشیدہ کاری کرتے ہوۓ میں نے اپنی انگلیوں کی پُوریں چھلنی کی ہیں ۔

میں اور کچھ بھی نہیں ، سواۓ ایک گمنام کہانی کار کے میری کوئی  دوسری پہچان نہیں ہے ۔ یہ تمام افسانے درحقیقت میری ذات اور زندگی کے ہی بکھرے ہوۓ کچھ حصے بخرے ہیں دوسرے معنوں میں پیاز کی پرتوں جیسے ایک شخص کے ڈھیر سارے چہرے ۔

دراصل دوسرے انسانوں کی طرح ایک ہی جسم میں سانس لینے والا کہانی کار کبھی ایک زندگی جی ہی نہیں سکتا ۔ 

ہمہ وقت وہ کسی نہ کسی کردار کے ساتھ بسر کر رہا ہوتا ہے۔

 یعنی وہ لایعنی سا شخص اپنے کرداروں کی صورت میں اپنے آپ کو بیان کرتا ہے ۔

اُنہی کرداروں کے ٹکڑے باہم جوڑیں تو ایک مکمل قلمکار  کی تصویر بن جاتی ہے ۔

دوسروں کی خبر نہیں مگر یہ حقیقت ہے کہ میرے ہر افسانے اور ہر کہانی میں کہیں نہ کہیں میں یا میری ذات کا کوئی  ٹکڑا ضرور موجود ہوتا ہے۔ 

تو اگر اس کتاب کی آخری کہانی یعنی ” آخری پتھر “ کے آخری حرف تک پہنچتے پہنچتے آپ کے خیال کے کینوس پر کوئی  ایک صورت ابھرتی ہے تو وہ یقیناً میری ہی ہوگی 

اور اگر ایک سے زیادہ چہرے بنتے ہیں تو وہ میرے ، آپ کے اور ہمارے اردگرد بکھرے اُن تمام لوگوں کے ہوں گے جن کو جینے کی تمنا نے مار ڈالا اور جو زندگی کرتے اور اپنا آپ ڈھونڈتے موت کے منہ تلک جا پہنچے  ۔

اگر آپ مجھ سے، یہاں وہاں بکھرے ہوۓ میرے بے شمار چہروں سے شناسائی کے تمناٸی ہیں تو یہ میری عمر بھر کی کل کمائی ، میری جمع پونجی اور میری زندگی کی ریزگاری آپ سب کے لیے ہے اسے پڑھیے ۔ 

جینیٹ ونٹرسن نے کہا ہے کہ ”کتابیں اور دروازے ایک ہی چیز ہیں. آپ انہیں کھولتے ہیں، اور آپ دوسری دنیا میں چلے جاتے ہیں.“

یہ ریزگاری بھی میری اور آپ سب کی دنیا ہے کہ جہاں 

اَن گنت انسان اپنے ہی عکس اٹھاۓ اپنی پہچان کے نشان ڈھونڈ رہے ہیں۔

 بسم اللہ کیجیے دوستو ۔۔۔ اس دو سو پچیس صفحات کی کائنات کا در کھولیے کہ ایک دنیا آپ کی منتظر ہے  ۔

ارشد ابرار ارش

رابطہ نمبر براۓ کتاب

0340 7362445

Leave a Reply

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact