جمعے کے خطبے کے دوران ایک مولانا صاحب انتہائی مدلّل اور عالمانہ انداز میں کمیونزم،سوشلزم ،فاشزم اور اسلام کا تقابلی جائزہ پیش کر رہے تھے۔جس میں وہ دلائل و براہین کے ساتھ اسلام کے وضع کردہ معاشی نظام اور دیگر نظام ہائے افرنگی کے حُسن و قبح پر بات کر رہے تھے۔مولانا کی بصیرت افروز باتیں سُن کر کافی تعجب اور خوشگوار حیرت ہوئی۔۔۔کیونکہ ہمارے ہاں جمعے کے اکثر اجتماعات میں روز مرہ کے سماجی مسائل یا علم و تحقیق کی فضیلت پر بات کرنے کی بجائے معجزات،قصے کہانیوں اور کافروں کو بد دعائیں دینے پر زیادہ فوکس ہوتا ہے۔
ذرا قریب جانے پر معلوم ہوا کہ یہ قاری مظفر بخاری صاحب ہیں جو دین فہمی کے ساتھ ساتھ عصرِ حاضر کے جملہ موضوعات پرگہری و وقیع نظررکھتے ہیں۔
پہلے آپ باقاعدگی کے ساتھ مسجد الفلاح میں جمعہ پڑھایا کرتے تھے۔جس میں آپ قرآن و حدیث کی روشنی میں روزمرہ کے مختلف معاشرتی مسائل اور حقوق العباد کے حوالہ سے لوگوں کو سینسٹائز کرتے اور دینِ فطرت کی حقانیت،سادگی اور آسانی کو اجاگر کرتے تھے۔آپ کے پاس سائنس و ٹیکنالوجی کے حوالہ سےکافی اَپ ڈیٹڈ معلومات ہوتی تھیں کیونکہ سیکھنے کا عمل مسلسل جاری و ساری تھا۔۔۔خصوصاً درس و تدریس کے ساتھ جُڑے ہونے کی وجہ سے آپ تحقیق و ریسرچ اور مطالعےکےعادی تھے۔اور اس اعتبار سے آپ ہر جمعے کو ایک نیا موضوع منتخب کرتے اور نہایت مجتہدانہ اور اچھوتے انداز میں اسلامی فکر و عصر حاضر کے تقاضوں پر روشنی ڈالتے۔۔۔
آپ بلا کے خطیب ،منفرد اہلِ قلم،سخن شناس اور مذہبی اسکالر رہے ہیں۔آپ کے واعظ وموعظت اور حُسنِ بیان میں حکمت و دانش اورعلم و عرفان کی واضح مٹھاس و شیرینی ہوتی جو تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بے اختیار اپنی جانب مائل کرتی تھی۔آپ مختلف اخبارات،رسائل و جرائد اور سوشل میڈیا (ہماری ویب) پر مضامین اور آرٹیکلز بھی لکھتے رہے ہیں۔
آپ کی پیدائش مارچ 1951ء کی ہے۔۔۔میٹرک میرپور سے پاس کرنے کے بعد آپ نے لاہور سے قرأت کا امتحان پاس کیا۔پھر بالترتیب تنظیم المدارس، وفاق المدارس اور وفاق اہلِ حدیث کا امتحان پاس کیا۔۔۔آپ ایک عرصہ ضلعی امیر اور قیّم جماعت اسلامی کے عہدوں پر فائز رہے۔اس دوران ہزارہا کتابیں آپ کے مطالعے سے گزریں۔اگرچہ آپ جماعت اسلامی کے ساتھ وابستگی کی وجہ سے ابوالاعلیٰ مودودی صاحب کے افکار و نظریات کے زیادہ قریب رہے ہیں تاہم دیگر تمام مکاتبِ فکر کے لوگ بھی آپ کی تبّحرِعلمی، دین فہمی،خوش اخلاقی اور خوش کلامی کی بدولت آپ کا دل سےاحترام کرتے ہیں۔۔۔
بقول بابا یحییٰ خان “کچھ زمانے لوگوں کیلئے ہوتے ہیں اور کچھ لوگ زمانوں کیلئے ہوتے ہیں۔”
بلاشبہ بخاری صاحب ایک زمانے پر محیط عہد ساز شخصیت ہیں جنہوں نے اہلیانِ حویلی کی ذہنی پسماندگی دور کی اور علم کی روشنی سے ان کے قلوب و اذہان کو منوّر کیا۔اس مقصد کے پیش نظر آپ حراء پبلک ماڈل اسکول کہوٹہ، قرطبہ ماڈل اسکول پلاں، ہیومن فاؤنڈیشن ماڈل میڈیکل سینٹر کہوٹہ‛ مسجد الفلاح کہوٹہ اور مدرسے کا قیام عمل میں لائے۔۔۔جہاں یتامیٰ ‛غرباء اور مہاجرین کی مفت تعلیم و علاج ہوتا تھا۔
اس کے علاوہ رینکڑی،پتھرہ اور پدھر مساجد کی تعمیر، یتیم اور نادار بچوں کووظائف کی فراہمی، زلزلہ اور سیلاب کے دوران شیلٹرز، خیمے، سی۔جی۔آئی شیٹس کی فراہمی، راشن وغیرہ کی تقسیم اور دیگر رفاہ عامہ کے کاموں میں آپ پیش پیش رہے ہیں۔
بخاری صاحب آج کل صاحبِ فراش ہیں اوربیماری کی وجہ سے آپ آج کل کہوٹہ رہائش پذیر ہیں۔تاہم فالج کی موجودہ کیفیت میں بھی آپ کی وہ خوش اخلاقی و زندہ دلی قائم و دائم ہے۔کسی ملاقاتی کو دیکھتے ہی دفعتاً آپ کی آنکھوں کے دیپ جل اٹھتے ہیں، ہونٹوں پر رقصاں مسکراہٹ اور گہری ہو جاتی ہےاورچہرے مہرے پر ناچتی خوشی و مسرت کا عالم دیدنی ہوتا ہے۔آپ ہر شخص کے ساتھ خندہ پیشانی اور نہایت عجز و انکسار کے ساتھ پیش آتے ہیں اور گرمجوشی سے معانقہ کرتے ہیں۔حالانکہ اتنی طویل بیماری کے بعد چڑچڑاپن اور بدمزاجی فطری بات ہوتی۔پھر اتنا بھرپور وقت گزارنے والےایک انتہائی سوشل و ملنسار شخص جو ہر محفل و تقریب کا لازمہ تھے اب عرصہ سے چار دیواری کے اندر محبوس ہونے کے باوجود ہر ملنے والے کے ساتھ انتہائی تپاک اور بشاشت سے پیش آتے ہیں تو یہ ان کی بشر دوستی، عظمت و بزرگی اور ژرف نگاہی کی محکم دلیل ہے۔
خودی کی شوخی و تُندی میں کبر و ناز نہیں
جو ناز ہو بھی تو بے لذّتِ نیاز نہیں
آپ کے دو بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں۔۔۔بڑا بیٹا مظہرالاسلام بخاری میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (مسٹ) میں جاب کر رہا ہے اور چھوٹا وقاص بخاری اپنا ذاتی کام کاج کرتا ہے جبکہ دو بیٹیاں محکمہ تعلیم میں بحثیت ٹیچرز تعینات ہیں۔
آپ 70 سال سے متجاوز ہیں مگر تاحال کوئی ذاتی مکان یا بینک بیلنس نہیں ہے۔انتہائی سادہ اور نفیس طرزِ زندگی گزار رہے ہیں۔ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ بخاری صاحب کو صحتِ کاملہ و عاجلہ سے نوازے