مبصر : مہوش اسد شیخ
خوبصورت دیدہ زیب سرورق اور شاندار طباعت پریس فار پیس فاؤنڈیشن برطانیہ کا خاصا ہے ۔ کتاب ایسی عمدہ ہوتی ہے کہ ہاتھ میں لیتے ہی پڑھنے کو دل مچل اٹھتا ہے ۔
انجانی راہوں کا مسافر “خوبصورت عنوان کی یہ کتاب امانت علی صاحب کے سفر نامے ہیں، جی بالکل یہ ایک نہیں، دو دو سفر نامے ہیں۔ مطلب ایک ٹکٹ میں دو دو مزے۔ ترکی اور کینیا کے سفر کی داستان ہے جو انہوں نے 2018میں قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہونے والے ترکی وزٹ سے کیا۔کتاب کا انتساب بہت پیارا لگا۔ جناب لکھتے ہیں کہ انتساب والد محترم کے نام! جن کی سفر کی کہانیاں میرے سفر ناموں میں بستی ہیں۔ اللہ آپ کو سلامت رکھے آمین ۔
کتاب پر بہت قابل ادبی شخصیات قاسم علی شاہ، پروفیسر عبدالجبار چوہدری، رابعہ حسن اور عفت اعظم چوہان نے رائے دی ہے اور بہت سراہا ہے۔ ان کے الفاظ مصنف کی قابلیت کا ثبوت ہیں۔ مصنف پیغمبری پیشہ تدریس سے منسلک ہیں، ان کا مفصل تعارف کتاب میں موجود ہے۔
میں خود اک مصنفہ ہوں اور مجھے سفرنامہ جیسی ادبی صنف لکھنا بہت مشکل کام لگتا ہے، پل پل بدلتے اپنے جذبات و احساسات کو ایمانداری سے قرطاس کے سپرد کرنا خاصا مشکل کام ہے لیکن مصنف نے یہ کام بخوبی نبھایا ہے، نا صرف سفر کو دلچسپ و رواں انداز میں بیان کیا ہے بلکہ زبردست منظر نگاری کے ساتھ ساتھ مقامات کی تاریخی اہمیت بھی بیان کی ہے۔ بخوبی کہا جا سکتا ہے کہ یہ سفر نامہ کے ساتھ ساتھ معلومات عامہ بھی ہے ۔ معلومات اکثر اوقات بوریت کا سبب بن جاتی ہیں لیکن مصنف نے معلومات اتنے دلچسپ انداز میں ہم تک پہنچائی ہیں کہ کسی بھی مقام پر بوریت کا احساس تک نہیں ہوا ۔ ترکی کی تاریخ جان کر بہت اچھا لگا۔ لگے ہاتھوں مصنف نے ہوائی اڈوں اور ہوائی سفر کے بارے میں بھی کافی کچھ بتا دیا۔ تصاویر کی موجودگی نے کتاب کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ کتاب مکمل کرنے کے بعد مجھے بالکل ایسا ہی محسوس ہوا جیسے میں بذات خود ترکی اور کینیا گھوم آئی ہوں ۔ ویسے آپس کی بات ہے ترکی مجھے زیادہ پسند لیکن میں نے کینیا کے سفر کو زیادہ انجوائے کیا۔ بہت شکریہ مصنف جی، آپ نے بندی کو اتنی زبردست سیر کروا ڈالی۔
ایسی خوبصورت کتاب کی موجودگی آپ کی لائبریری کو چار چاند لگا دے گی، کیا سوچ رہے ہیں بھئی ۔۔۔جلدی جلدی آرڈر کیجیے ۔
رابطہ کے لیے