منظوم ترجمہ فوزیہ تاج

لازوال محبت کی ڈور سے بندھی کروایشیا کے بگلوں کی جوڑی کی شہرہ آفاق خوبصورت کہانی

وہ “ملینا” تھی

خوبصورت دلفریب مادہ بگلا

حسن و زیبائی کا مجسمہ

شکاریوں نے مار گرایا تھا اسے

وہ زخموں سے چور تھی

جاں بلب۔۔۔۔

شائد موت اس سے آ ملتی

مگر۔۔۔۔وہ نر بگلا “کلیپٹن” تھا

جسے وہ بھا گئی تھی

وہ کھنچتا چلا آیا اسکی طرف

پھر اسی کا ہو گیا

کہاں کے درد رہے۔۔۔۔ اور کہاں کے زخم

دونوں کی خوبصورت جوڑی

محبت کی لازوال داستان بنی

ملینیا اور کلیپٹن کی انمول محبت

ملینیا کے زخم بھر چکے تھے

مگر وہ اڑنے سے معذور تھی

خیال تھا کہ شاید تندرست وتوانا بگلا

اسکی معذوری کی وجہ سے

اسے بیچ راہ میں چھوڑ دے گا

مگر آفرین ہے اسکی محبت پر

کہ وہ چودہ ہزار کلومیٹر دور

بروسکی واروس جھیل سے اڑ کر

ایک ماہ کا سفر طے کر کے

ملینیا سے ملنے آتا تھا

گزشتہ سولہ سال سے وہ

ملینیا سے ملنے آتا رہا

ہر سال مارچ آتے ہی

ملینیا کا انتظار شروع ہو جاتا

اور کلیپٹن کے آتے ہی

پیار محبت کی وہ لازوال داستان امر ہو جاتی

میں بھی ملینیا ہوں

زخموں سے چور

شکاریوں کی گولی کا نشانہ بننے چلی تھی

کہ تم نے بچا لیا

تمہاری محبت نے

میرے زخموں کو مندمل کر دیا

مگر۔۔۔۔۔۔

 میں تمہارے ہمراہ اڑنے سے قاصر ہوں

میں تاعمر تمہاری محبت کا دم بھروں گی

تم سے وفاداری

میرے گلے میں تمغے کی صورت پڑی ہے

تمہاری محبت کے مرہم سے میں

شفا یاب ہو گئی ہوں

تم بے شک اڑو

نیلے آسمان کی بلندیوں کو چھو لو

بادلوں پہ پر پھیلائے

ساری دنیا کا نظارہ کر لو

مگر۔۔۔۔ کیا میں یقین رکھوں

کہ تم بھی کلیپٹن ہو

تو کیا تم۔۔۔۔۔

ہر سال مارچ میں

چودہ ہزار کلومیٹر دور سے

ایک لمبا سفر طے کر کے

مجھ سے ملنے آؤ گے

کیاہماری محبت کی لازوال داستان بھی

امر ہو جائے گی!!!!

(فوزیہ تاج)

( Photo Credit: Croatia Tourism/YouTube Screen Capture)

Leave a Reply

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact