Monday, April 29
Shadow

غزل: افتخار راغبؔ

نہ جانے کیا ہے اُس ظالم کے جی میں

کمی آتی نہیں کچھ کج رَوی میں

تمھارے بعد بھی زندہ ہوں لیکن

عجب سی بے کلی ہے زندگی میں

فرشتوں کی طرف جاؤ فرشتو

کمی ہے کچھ نہ کچھ ہر آدمی میں

ملے اخلاص کا دریا سمندر

بڑی شدّت ہے میری تشنگی میں

مری مانو تو پہلے عشق کر لو

مزہ آنے لگے گا بندگی میں

ابھی اِک دوسرے سے لڑ رہے ہیں

کبھی کھاتے تھے دونوں ایک ہی میں

ہری ہونے لگی بوجھل طبعیت

کوئی جادو ہے تیری سبزگی میں

دیا ہے خون میں نے اس دیے کو

’’مرا حصّہ بھی ہے اس روشنی میں‘‘

پرکھ کر دیکھ اپنے ذہن و دل پر

مزہ کتنا ہے تیری شاعری میں

اندھیرے میں ہیں سارے عیب راغبؔ

نظر آئے گا سب کچھ روشنی میں

افتخار راغبؔ

جدہ، سعودی عرب

کتاب: خیال چہرہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact