اختر شہاب

وہ اپنے دوست کے ساتھ اپنے استاد کی تدفین کے لئے قبرستان آیا ہوا تھا۔ اس وقت میت کو قبر میں اتارنے کی تیاریاں جاری تھیں۔ وہ بھی مدد کے لیے قبر کے سرہانے کی طرف کھڑا ہو گیا ۔ اس کی نظر تھوڑی دور پڑے ہوئے ایک کتبے پر پڑی جس پر تقریباً ایک سال پہلے کی تاریخ درج تھی۔ یوں لگتا تھا جیسے نئی قبر اسی پرانی قبر کو اکھاڑکر بنائی گئی ہے۔

ارے میاں کچھ تو شرم کرتے۔ ابھی تو سال بھی نہیں ہوا اور تم نے قبر کھود دی۔” اس نے پاس کھڑے گورکن سے کہا۔

 کیا کریں صاحب! قبرستان تو کب کابھرچکا ہے لیکن لوگ پھر بھی قبرستان میں اپنے پیاروں کے پاس دفن ہونا چاہتے ہیں۔ پھر یہ تو کرنا پڑتا ہے۔ سنا ہے ایک قبر سے چالیس چالیس مردے نکلیں گے تو پاکستان میں تو یہ تعداد اسّی بھی ہو سکتی ہے۔” گورکن نے فلسفہ جھاڑا۔

“ابے! میں یہ کہہ رہا ہوں کہ تو تم نے کرنا ہی تھا تو کتبے کو تو لٹا دیتے۔ نہ ہمیں نظر نہ آتا نہ تکلیف نہ ہوتی۔” اس نے غصے سے گورکن کو جھاڑا۔

“گورکن سے کیوں بحث کر رہے ہو۔ یہاں کا یہی دستور ہے۔ ابھی تم نے سوشل میڈیا پرقبر پر جنگلے والی تصویر نہیں دیکھی۔ مجھے لگتا ہے کہ اس کے پیچھے بھی یہی کہانی ہے۔ ہو سکتا ہے مرنے والے نے وصیت کی ہو کہ میری قبر پر جنگلہ بنوا دینا تاکہ لوگ میری قبر میں کسی اور کو دفن نہ کر سکیں۔””

ٹھیک کہا مجھے بھی یہ کسی زندہ کی خواہش تو نہیں لگتی۔۔۔” وہ بولا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

“اچھا چلو ذرا میرے ساتھ آؤ۔” تدفین کا عمل ابھی جاری تھا کہ اچانک اس کے دوست نے اسے مخاطب کیا اور اسے اپنے ساتھ لے کے قبرستان میں ایک طرف چل پڑا۔

یہ میری ماں کی قبر ہے۔” وہ ایک قبر کے نزدیک رک کر بولا”یاد رکھنا میری تمھیں  وصیت ہے کہ جب میں مر جاؤں تو مجھے اسی قبر میں دفن کرنا۔””

کیا کہہ رہے ہو۔ ۔۔!!!”  اس نے حیرت سے اپنے دوست کی طرف دیکھتے ہوئے کہا

“میں بالکل صحیح کہہ رہا ہوں۔ابھی تم نے دیکھا نہیں کہ ہمارے استاد کو کسی اور کی قبر میں دفن کردیا گیا۔ یہاں یہی سب کچھ ہوتا ہے۔ میری والدہ کی قبر اس لئے محفوظ ہے کہ میں اس پر باقاعدہ حاضری دیتا ہوں اور پانی اور صفائی ستھرائی کے لئے میں نے ایک لڑکے کو بھی رکھا ہوا ہے۔”

مگر تم کیوں اس جگہ دفن ہونا چاہتے ہو؟؟؟

بات یہ ہے کہ میرے مرنے کی بعد والدہ کی قبر کی دیکھ بھال کرنے والا تو کوئی ہوگا نہیں،سو گورکنوں نےاس میں کسی اور کو دفنا دینا ہے۔سو اس سے بہتر نہیں ہے کہ خاندان کے لوگ ایک ہی جگہ رہیں۔!!!

Leave a Reply

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact