مظفرآباد(خصوصی رپورٹ) مظفر آباد میں محکمہ زراعت مظفرآباد ڈویژن کے زیر اہتمام جلال آباد میں زرعی نمائش کا انعقاد کیا گیاجس میں محکمہ زراعت کے مختلف شعبوں اور مقامی زمینداروں کی طرف سے سٹال لگا ئے گئے۔ نمائش میں زمینداروں کو ایگریکلچرل فارمنگ، زرعی ادویات اور مشینری کے بارے میں آگاہی اورہنمائی دی گئی۔نمائش کا افتتاح وزیر حکومت سردار میر اکبر خان نے کیا۔ افتتاحی تقریب سے سیکرٹری زراعت سردار جاوید ایوب ، اسلامک ریلیف کے نمائندے ذیشان مقبول ، نائب صدر نیشنل بینک آف پاکستان ناہید یوسف ، ڈائریکٹر زراعت سردار زرین خان ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت طارق محمود بانڈے، ڈائریکٹرجنرل اسما راجہ گلزار احمد ، ڈائریکٹر ریسرچ خواجہ مسعود اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مظفرآباد آمنہ رفیع و دیگر بھی موجود تھے۔
آزاد کشمیر کے وزیر زراعت و لائیوسٹاک سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ زمین سے تعلق جوڑنا عصر حاضر کا تقاضا ہے، زراعت قومی معیشت پر اثر انداز ہونے والا سب سے بڑا شعبہ ہے، ہماری ضروریات مقامی سطح پر پوری ہوں گی تو لوگوں کی معاشی حالت بھی بہتر ہوگی اور ریاست کی آمدن بھی بڑھے گی۔ سبزیاں اور گوشت کی پیدوار ہم مقامی سطح پر پوری کر سکتے ہیں ، اس حوالہ سے محکمہ زراعت اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ کچن گارڈننگ کے حوالہ سے خواتین کا اہم کردار ہے ۔ میری خواتین سے درخواست ہے کہ اپنی ضرورت کی سبزیاں اپنے گھروں میں پیدا کریں ۔ ۔ ۔ وزیر زراعت نے قبل ازیں زرعی نمائش کا دورہ کیااور کسانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ محکمہ زراعت کے ساتھ ساتھ ایکسٹینشن سروسز مینیجمنٹ اکیڈمی گڑھی دوپٹہ، اسلامک ریلیف، نیشنل بینک آف پاکستان، زرعی ترقیاتی بینک کے تعاون سے محکمہ زراعت کے شعبہ جات فروٹس اینڈ ویجیٹبل، شعبہ کراپس، سوائل اینڈ واٹر، شعبہ تحفظ نباتات، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کی جانب سے سٹالز لگائے گئے تھے ۔وزیر زراعت نے اس موقع پر شاندار نمائش کے انعقاد پر سیکرٹری زراعت اور محکمہ زراعت مظفرآباد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جس انداز سے محکمہ زراعت آگے بڑھ رہا ہے وہ وقت دور نہیں جب ہم زرعی طور پر خودکفیل ہو جائیں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک سردار جاوید ایوب نے کہا کہ آزادکشمیر پورے ملک کا واٹر شیڈ ہے ہماری کوشش ہے کہ آزاد خطہ کو پاکسان کا فوڈ باسکٹ بنائیں۔ ہمارا مشن ہے کہ ہر علاقہ اس قابل ہو جائے کہ وہ مقامی ڈیمانڈ پورے کر سکے ۔ انہوں نے شاندار نمائش کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ زرعی نمائش میں سٹالز میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو وزیر زراعت نے شیلڈز بھی دیں ۔ زرعی نمائش میں ضلع مظفرآباد، جہلم ویلی اور نیلم کے کسانوں کی جانب سے اپنی سطح پر تیار کر دہ فصلوں ، پھلوں، سبزیوں کے سٹالز لگائے تھے۔