دانیال حسن چغتائی
عصر حاضر میں بہت سے ادارے پبلشنگ کے میدان میں کام کر رہے ہیں ۔ پریس فار پیس فاؤنڈیشن بھی ایسے ہی اداروں میں شامل ہے ۔ اگر چہ اس ادارے کے اشاعتی سفر کو زیادہ عرصہ نہیں ہوا تاہم ادارے نے اپنا الگ معیار اور ساکھ قائم کی ہے، جو کم ہی اداروں میں نظر آتی ہے ۔

 اس وقت ایسی ہی ایک کتاب میرے سامنے رکھی ہے ، جسے پریس فار پیس فاؤنڈیشن نے شائع کیا ہے اور ایک نہایت قد آور قلم کار محترمہ قانتہ رابعہ صاحبہ نے اسے لکھا ہے۔ قانتہ رابعہ صاحبہ کی اس سے قبل بے شمار کتب شائع ہو چکی ہیں اور سبھی ہاتھوں ہاتھ لی گئی ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب کی اگر بات کی جائے تو یہ ناول سائز میں شائع کی گئی ہے ۔ سرورق انتہائی دیدہ زیب انداز میں پیش کیا گیا ہے، جس میں بچوں کے ساتھ کتب بینی کے شوق کو بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔ کتاب کا آغاز تسمیہ یعنی بسم اللہ سے کیا گیا ہے ۔ کتاب کا انتساب ادب دوست والدین اور قلم کاروں کے نام کیا گیا ہے ۔ ابتدا میں دعا پیش کی گئی ہے ۔ فہرست میں بچوں کی تصاویر سے اسے مزید خوبصورت بنایا گیا ہے ۔ مدیرہ خالہ اور آپا قانتہ رابعہ کی باتوں کے بعد پانچ مختصر کہانیاں کتاب میں شامل کی گئی ہیں ۔ کیوں اور ہیلی کاپٹر بچوں کو زیادہ پسند آئیں گی ۔ یہ میرا ذاتی خیال ہے ۔

کتاب کے آخر میں ایک نیا اور اچھوتا پن لایا گیا ہے جس میں بچوں کو مشقی سوالات کی طرف راغب کیا گیا ہے اور درست جوابات پر انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے ۔ یہ چیز بچوں میں کتب بینی کے شوق کو ابھارنے میں مددگار ثابت ہوگی اور وہ زیادہ دلجمعی سے کتب کا مطالعہ کریں گے ۔

 بیک سرورق پر قانتہ رابعہ صاحبہ کا مختصر تعارف پیش کیا گیا ہے ۔ کاغذ اعلیٰ معیار کا کارڈ شیٹ استعمال کیا گیا ہے جو بہت ہی کم کتب میں دیکھنے کو ملتا ہے ۔ میری طرف سے قانتہ رابعہ صاحبہ اور ادارے کو بہت بہت مبارک ہو ۔ ایسی کتب بچوں تک پہنچنی چاہیے تاکہ نسل نو میں کتب بینی کا شوق پروان چڑھ سکے۔

Leave a Reply

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact