Saturday, April 27
Shadow

کتاب : سائنسی جنگل کہانی / تبصرہ  محمد توصیف ملک

تبصرہ  محمد توصیف ملک
تسنیم جعفری۔۔۔۔۔۔یہ نام پڑھنے اور سننے کے بعد ایک ایسی شخصیت کا خاکہ ذہن میں آتا ہے جو علمی و ادبی حلقوں میں کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں۔میں یہ کہنے میں حق بجانب ہوں کہ یہ اعزاز بچوں کے ادب کی معروف شخصیت ایوارڈ یافتہ مصنفہ تسنیم جعفری صاحبہ کو حاصل ہے کہ قارئین کے دلوں میں گھر کرتی ان کی طبع زاد تحریریں (خاص کر سائنس فکشن) ملک پاکستان کے تمام بڑے اور معیاری رسائل کی زینت بنتی ہیں۔ماشاءاللہ 16 کتابوں کی مصنفہ ادب اطفال میں ایک مقام رکھتی ہیں۔

تسنیم جعفری صاحبہ مقدس پیشے تدریس سے وابستہ ہیں۔آپ کا تعلق لاہور سے ہے۔کوئی شک نہیں کہ بڑے پائے کی لکھاری ہیں اور ہم سب ان کی خدمات کے معترف ہیں۔میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔

ان کی کتاب جنگل کہانی 19 دلچسپ کہانیوں پر مشتمل ہے۔یہ کتاب پریس فار پیس فاونڈیشن (یوکے) نے سال 2022 مارچ میں بہت خوبصورت ٹائٹل اور بہترین کاغذ کے ساتھ شائع کی ہے۔پیاری پیاری کہانیوں پر مشتمل یہ خوبصورت تحفہ چند روز پہلے موصول ہوا۔خوب صورت سرورق اور بہترین کاغذ و جلد کے ساتھ کتاب کسی انمول تحفے سے کم نہیں اور ویسے بھی میرے پسندیدہ تحائف میں کتاب کا تحفہ شامل ہے۔جنگل کہانی کی کچھ کہانیاں پڑھی تو منہ سے تعریفی کلمات خود بخود نکلے۔جنگل کہانی میں کچھ کہانیاں پسند آئیں۔جن میں ننھے بھالو کی رحم دلی، نومی کا باغ، کوئل اور کوا، آنٹی لومڑی شہر کو چلیں،مگرمچھ کے آنسو اور بھولو کی عقل مندی شامل ہیں۔کوئی بھی قاری جو اس کتاب کو پڑھے گا وہ چند کہانیاں پڑھنے کے بعد یہ فیصلہ کر لے گا کہ تسنیم جعفری صاحبہ ایک کامیاب لکھاری ہیں اور بچوں کے لیے بہت بہترین لکھ رہی ہیں۔اس کتاب کی ایک خوبصورتی یہ بھی ہے کہ مصنفہ نے بچوں کی دلچسپی کے لیے دلچسپ عنوانات/موضوعات کا انتخاب کیا ہے۔

تسنیم جعفری صاحبہ کی گراں قدر ادبی خدمات کا احاطہ کرنا میرے لیے ممکن نہیں ہے۔ہم سب ان کی تحریروں کے دلدادہ ہیں۔اس کتاب کے مطالعہ کے بعد ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ کتاب کسی انمول تحفہ سے کم نہیں ہیں۔آسان پیرائے میں قاری کو اپنی بات سمجھانا ان کی تحریر کا مرکز و محور رہتا ہے اور یہی خاصہ تحریر کا حاصل ہوتی ہے۔مصنفہ نے اپنی تحریروں کو ایسا حسن عطا کیا ہے جو بہت دل آویز ہے۔اسی خوبی کی بنا کر یہ کتاب جاذبِ نظر بن گئی ہے۔اپنی اس کتاب میں جتنے بھی مضوعات پر مصنفہ نے قلم اٹھایا ہے وہ قابل تعریف ہے امید ہے کہ آئندہ بھی ایسی کتابیں منظر عام پر لاتی رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact