تبصرہ نگار: ڈاکٹر من تشاء ضیاء
محترمہ تسنیم جعفری صاحبہ کا ”سائنس فکشن” ناول پوزی اور الیکٹرا ایک منفرد موضوع ہے۔ جسکا بنیادی مقصد معلومات کے ساتھ ساتھ انسان اور انسان کے درمیان والدین اور اولاد کے درمیان پیار، محبت اور خلوص کے رشتے کی اہمیت سے روشناس کروانا ہے
ناول کا پہلا حصہ جس میں ناول کے مرکزی کردار پوزی اور الیکٹرا دو بہن بھائی ماضی کا سفر کرتے ہیں اور اپنی دادی جان سے ملتے ہیں اور وہ پیار اور محبت پاتے ہیں جو انکو والدین سے نہیں ملی تھی۔
پوزی اور الیکٹرا دادی جان کی محبت اور شفقت پاکر انسانیت سے روشناس ہوتے ہیں انکو پتا چلتا ہے انسانی جذبات کیا ہوتے ہیں،ماں باپ کا پیار کیا ہوتا ہے۔
اس سے پہلے انکو ہر ممکن کوشش سے جذبات سے عاری کیا جاتا ہے۔
پوزی اور الیکٹرا غیر معمولی قسم کے بچے ہیں جنکو مسٹر اور مسز گاٹ نے کالٹیک مشین سے جنیٹک کوڈنگ کے ذریعے تبدیلیاں کرکے اپنی مرضی کے مطابق ڈھالا ہے اور ہر قسم کی بیماری سے محفوظ کیا گیاہے۔
سائنسدانوں کی ایک خاص کمیونٹی یے جو پہلے اپنے تجربات چوہوں،بلیوں اور بھیڑ بکریوں پر آزماتے تھے پھر کالٹیک مشین ایجاد کرکے اپنے ہی بچوں پر آزمانے لگتے ہیں۔جن میں سب سے زیادہ کامیابی پوزی اور الیکٹرا کے والدین کو ہوتی ہے
ناول کے دوسرے حصے میں پوزی اور الیکٹرا ماضی سے واپس حال میں آتے ہیں اور اپنی کمیونٹی کے تمام روبوٹک طرز کے بچوں کو محبت،انسانیت ،اولاد اور والدین کے درمیان رشتے کی اہمیت بتاتے ہیں۔۔
ناول کے تیسرے حصے میں پوزی اور الیکٹرا جوان ہوجاتے ہیں اور مریخ پر جابستے ہیں مختصریہ کہ ناول کی کہانی مستقبل میں نظر آنے والے ایک بڑے دنیاوی خطرے کے گرد گھومتی ہے۔ جس میں ماضی کا سفر بھی ہے اور مستقبل کے چیلنجز اور ان سے نمٹنے میں ناکامی کی صورت میں جو ہونا ہے اس کے بارے میں بڑے ہی منظم اور بہترین انداز میں بتایا گیاہے
ناول کے تینوں حصے خلائی سائنس پر گہری تحقیق کرکےمنفرد انداز میں لکھے گئے ہیں۔ یہ ناول بچوں اور بڑوں کیلئےبہترین معلومات کا ذخیرہ ثابت ہوتا ہے۔
آپ بھی اس دلچسپ اور حیرت انگیز سائنس اور انسانیت سے محبت پر مبنی ناول ضرور پڑھیے۔
تبصرہ نگار کا تعارف
ڈاکٹرمن تشاء ضیاء نے چھ کتب تحریر کی ہیں جو انگلش میں ہیں اور پندرہ مختلف ممالک میں شایع ہوچکی ہیں، ان کا موضوع “اپنی مدد آپ” ہے۔ وہ میسا چیسٹس یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی سے پی ایچ ڈی انفارمیشن ٹیکنالوجی کر چکی ہیں۔وہ مختلف اخبارات میں کالم لکھتی رہی ہیں۔ انھوں نے سات سال کی عمر میں لکھنا شروع کیا جس میں شاعری ،ادب اور نماز قرآن کی فضیلت اور اسلام کی اشاعت شامل ہے۔انھیں پانچ برونز میڈل اور دو گولڈ میڈل یونیورسٹی آف ریڈنگ انگلینڈ سے مل چکے ہیں۔اس کے علاوہ تعلیم کے دوران مختلف ایوارڈ مل چکے ہیں۔