تاثرات: عارف نقوی (برلن)
یہ شہر شہر علم و ہنر ہے۔ فلسفہ، فنون لطیفہ، علم و ادب اور تہذیب کا مرکز۔ وہ صفات جن سے متاثر ہوکر رابندر ناتھ ٹیگورنے کبھی اسپرے ندی کی فضاؤں میں سانس تھی۔ جواہر لعل نہرو نے اپنے ملک کی آزادی اور عظمت کی کا خواب دیکھا تھا۔ڈاکٹر ذاکر حسین نے یہاں آکر اپنے ملک میں زرعی انقلاب کا خواب دیکھا تھا۔ڈاکٹر کے ایم اشرف نے مغل تاریخ کے قمقمے طلباء میں جگائے تھے۔ میں نے خود جرمن ڈرامے کے ہنر سیکھے اور طلباء کو اردو اور ہندی کے حسن سے آشکار کیا تھا۔ لاتعداد اردو ادیبوں کا ترنم یہاں کی فضاؤں میں گونجا تھا اور گونج رہا ہے، شکیل چغتائی، رخسار انجم، حنیف تمنا، عشرت معین سیما، انور ظہیر، سرور ظہیر، شمیم، حیدرعلی، افشاں احمد،۔کاشف کاظم۔ عارف، عامر عزیز وغیرہ۔ جن کے اشعار، کہانیاں، مضامین اور کتابوں نے جرمنی میں اردو ادب کی نمائندگی کی ہے۔ انہیں میں نئے نئے ستارے اپنی آب و تاب کے ساتھ چمکتے نظر آرہے ہیں۔
ان ستاروں میں ایک شیخ ریاض بھی ہیں۔ جن کا تعلق لاہور، پاکستان سے ہے لیکن ۵۶ برسوں سے ایران، عراق اور جرمنی میں ہجرت کی زندگی گزارچکے ہیں اور امریکہ، کنیڈا اور یورپ کے بھی بہت سے ملکوں میں بطور سیاح جاچکے ہیں۔
انکساری ملاحظہ کیجئے کہ خود فرماتے ہیں
“میں کوئی سیاست داں، کوئی عالم اور نہ ہی کوئی مشہور شخصیت ہوں۔ میں ایک عام انسان ہوں۔” انہوں نے اپنی زندگی کے تجربات کو ’’ریاض نامہ‘‘ کی شکل میں تحریر کیا ہے۔
ریاض صاحب نے اپنی زندگی کی داستان کو اسکول اور کالج کی زندگی سے شروع کر کے پاکستان سے ہجرت کے مسائل، ایران اور عراق کے تجربات اور مشکلات، میونخ اور برلن میں قیام۔ تعلیمی سرگرمیاں اور پیشے کے مسائل اور جرمنی کی تہذیب اور بعض اہم وارداتوں اور مشاہدات کا ذکر کیا ہے۔ جو یقیناً کوئی آسان کام نہیں تھا۔
میں اس کاوش کے لئے انہیں مبارکباد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ان کا قلم اور زیادہ مناظر کامیابی سے پیش کرے گا اور ہم فخر
کر سکیں گے کہ یہاں ایک نئے انجم کی کرنیں اردو ادب کی روشنی بکھیر رہی ہیں۔
عارف نقوی
برلن، ۱۱؍ اپریل ۲۰۲۴ء