تحریر: انصار احمد معروفی
باغ کی بہاریں” یہ کتاب بچوں کے لیے لکھی گئی ہے، جس میں مختلف قسم کے پھلوں اور میووں کے سائنسی فوائد کا تذکرہ دلچسپ کہانیوں کی صورت میں کیا گیا ہے، کوشش کی گئی ہے کہ زبان آسان اور مفہوم بالکل واضح ہو۔ایک سو صفحات پر مشتمل اس کتاب میں 48 کہانیاں پیش کی گئی ہیں۔
” پہلی کہانی “وہ جنت سے آئے تھے”اس میں درختوں اور پھلوں کی عمومی خوبیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔دوسری کہانی “میٹھی میٹھی دوائیں”ہے، اس میں سنترے اور انگور کا طبی فائدہ بتایا گیا ہے ۔تیسری کہانی میں انناس،اور سیب کی خصوصیات کا تذکرہ ہے۔چوتھی کہانی کا عنوان “پھل غذا بھی دوا بھی”ہے، جس کے عنوان سے ہی کہانی کا مفہوم واضح ہوتا ہے ۔کہانی “دودھ اور پھل کا مزا”میں آم وغیرہ کا ذکر ہے ۔”پھل کی مٹھاس” میں امرود کے خواص کو خوبصورت کہانی کے سانچے میں ڈھالا گیا ہے ۔
“نمک اور شیرینی”کہانی میں پھلوں کی ترشی اور شیرینی کی وجوہات کو سمیٹا گیا ہے ۔”پھلوں میں فولاد”کا عنوان کہانی کے خلاصے کو ظاہر کررہا ہے، اس میں پھلوں کے چھوٹے اور بڑے ہونے پر روشنی ڈالی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ کس کس پھل میں فولاد اور فاسفورس یا گندھک پائے جاتے ہیں؟ “اخروٹ کا چہرہ”کہانی میں اخروٹ کی دماغ جیسی بناوٹ اور کچے اور پکے اخروٹ کے فوائد کو عیاں کیا گیا ہے۔
اسی طرح کہانی “انگور ہے مشہور”میں انجیر اور ترش انار، انگور کے رس، آنکھ کی روشنی کے لیے بادام ،دانت کی صفائی کے لیے لیموں، شہتوت،اور انناس، جسم کی فربہی کے لیے روغن زیتون، اور نارنگی، لیموں کے ہزار فوائد، پپیتا، ترش سیب،ناشپاتی، کھجور اور کشمش کے فوائد کے ساتھ کیلا، بیل، پستہ، منقی ، لیمونیڈ، آملہ، ناریل، کٹہل، خربوزہ، تربوز وغیرہ کو کہانی کے روپ میں پیش کیا گیا ہے۔
آخری کہانی “جنگل اور پھل”ہے، جس میں درختوں کے فوائد کا ذکر ایک استاد کے ذریعے کیا گیا ہے، جس وقت کہ سائنس کا ایک طالب علم گھر آکر اپنے ابو سے استاذ کی بات نقل کرتے ہوئے کہتا ہے:”ماحولیات کا توازن ان پیڑ پودوں اور جنگلوں سے قائم رہتا ہے، اس سے ہمیں پھل، غذا، دوا اور صحت بخش فضا ملتی ہے، وہ کہہ رہے تھے کہ جنگل ہماری زہر آلود فضا کو ختم کرکے تازہ فضا بنانے میں اہم رول ادا کرتے ہیں، اس سے بارش کا ماحول بنتا ہے، مٹی کی حفاظت ہوتی ہے اور بھی بہت سے فوائد گنائے تھے جو مجھے یاد نہیں”۔
ہر کہانی کے آخر میں پھلوں اور کہانیوں سے متعلق دو دو شعر بھی دئیے گئے ہیں، اس کتاب کو پڑھ کر ایک بچہ آسانی کے ساتھ درختوں ،اورپھلوں کی خصوصیات نیز اس کے فوائد سے باخبر ہوجائے گا جس سے ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں پیش رفت حاصل ہوگی۔