Sunday, April 28
Shadow

فوزیہ عباس، مصنفہ، کالم نگار اور آرٹسٹ

فوزیہ عباس

محترمہ فوزیہ عباس ایک کہنہ مشق نثر نگار ہیں جنھوں نے ادب کی بیشتر اصناف میں طبع آزمائی کی ہے اور متعدد کتابوں کی مصنفہ ہیں -‎محترمہ فوزیہ عباس نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول/ کالج جدہ (سعودی عرب) سے گریجویشن کی۔ان کی پہلی کہانی بعنوان “ہم اور مچھر” ادارہ اردو ڈائجسٹ کے تحت شائع ہونے والے بچوں کے رسالے “ماہنامہ بچوں کا ڈائجسٹ لاہور میں ساتویں جماعت میں شائع ہوئی تھی۔‎فوزیہ عباس نے مئی 1998ء میں جدہ سے نکلنے والے ایک اردو اخبار روزنامہ اردو نیوز جدہ سے اپنے ادبی و صحافتی کام کا آغاز کیا، پھراسی ادارے کے ہفت روزہ اردو میگزین جدہ کے لیے بھی متفرق تحاریر لکھنا شروع کیں۔‎ جدہ میں قائم ایک خواتین رائٹرز فورم میں شمولیت اختیار کی اور ایک سال پریس سیکرٹری اور اگلے سال جنرل سیکرٹری منتخب ہوئیں۔‎ پاکستان آنے کے بعد بچوں کے ادب سے منسلک ہوئیں بچوں کے معروف و مقبول رسالے ماہنامہ تعلیم و تربیت لاہور کے بڑوں کے لئے مخصوص صفحات پر مستقل لکھنا شروع کیا آپ کی کہانیاں دلچسپ ہونے کے باعث اکثر ٹائیٹل اسٹوریز بنتی رہی ہیں۔

‎فوزیہ عباس 2002ء میں بچوں کے معروف رسالے ماہنامہ آنکھ مچولی لاہور کی نائب مدیرہ بنیں اور چار سال تک اس پرچے کی ادارت کے فرائض بطریق احسن انجام دیئے۔۔جنوری 2004ء سے 2007ء تک اسی ادارے کے تحت نکلنے والے دوسرے میگزین ماہنامہ تہذیب الاطفال لاہور کی مدیرہ رہیں جس کا آئیڈیا اور پیٹرن خود ان ہی کا تھا۔۔۔ تہذیب الاطفال، ادب اطفال کی تاریخ کا پہلا نمائندہ مجلہ تھا جو نوعمر بچیوں کے لئے مخصوص کیا گیا۔ تہذیب الاطفال کی انفرادیت یہ بھی تھی کہ اس میں شامل تمام تحاریر اور مستقل سلسلے نوعمر بچیوں کی دلچسپی اور رجحان کے مطابق تھے اور اسے اس وقت کے تمام معروف، سینئر اور بڑے قلمی معاونین کا تعاون حاصل تھا۔  بچیوں کا میگزین ہونے کے باوجود بچوں کی بڑی تعداد بھی اس پرچے کو بہت ذوق و شوق اور دلچسپی سے پڑھتی تھی۔‎اگست 2006ء میں تہذیب الاطفال کا بیٹی نمبر شائع کیا گیا جو ادب اطفال ہی میں نہیں اردو ادب کی تاریخ کا بیٹی کے رشتے کو خراج تحسین پیش کرنے والا پہلا بھرپور نمبر تھا جس میں ملک بھر کی تمام ذہین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی قابلِ فخر بیٹیوں کو شامل کیا گیا۔

‎اپریل 2007ء میں تہذیب الاطفال کا، ادب اطفال ہی میں نہیں اردو ادب کی تاریخ کا پہلا “بہن نمبر” بھرپور انداز میں شائع کیاگیا جس میں اسلامی اور ملکی تاریخ کی نامور بہنوں سمیت تمام قابلِ فخر بہنوں کو خراجِ تحسین اور نذرانہ عقیدت و محبت اور سلام پیش کیا گیا۔

‎تہذیب الاطفال کو یہ اعزاز بھی حاصل رہا ہے کہ اس وقت کی عام روش سے ہٹ کر اردو ادب اور اردو صحافت کی دو بہت معتبر، عظیم اور بڑی شخصیات کی سرپرستی، رہنمائی اور مشاورت سے تہذیب الاطفال کو ترتیب دیا اور سنوارا جاتا تھا، اُردو صحافت کے ستون محترم ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی مرحوم بطور صدر مجلس مشاورت اور اردو ڈراما کی پہچان محترمہ فاطمہ ثریا بجیا مرحومہ کا نام بحیثیت رکن مجلسِ مشاورت، تہذیب الاطفال کے کریڈٹ پیج پر جگمگاتے اور اس کے معیار اور وقار میں اضافے کا باعث بنتے رہے۔‎اس دوران میں فوزیہ عباس کراچی سے نکلنے والے اخبار روزنامہ جسارت سے بھی منسلک رہیں اور ان کے کالمز مستقل اخبار کے ادارتی صفحے کی زینت بنتے رہے جبکہ جسارت سنڈے میگزین میں بھی متفرق تحاریر مثلاً بچوں کے لیے کہانیاں، مضامین، انٹرویوز وغیرہ شائع ہوتے رہے ہیں۔

‎روزنامہ جسارت کے ادارتی صفحے پر شائع ہونے والا ان کا ایک آرٹیکل بعنوان “اسلام سائنس، مغربی پروپیگنڈہ اور نئی نسل ” بعد میں مختلف ملکی اخبارات و رسائل کے علاوہ ” سہ روزہ دعوت دہلی، انڈیا نے بھی شکریہ کے ساتھ فوزیہ عباس کے نام سے شائع کیا۔۔۔ جبکہ ان کی ماہنامہ تعلیم و تربیت، آنکھ مچولی، تہذیب الاطفال وغیرہ میں لکھی گئیں کہانیاں بھی بچوں کے متعدد رسائل میں شکریہ کے ساتھ شامل اشاعت کی جاتی رہی ہیں۔‎روزنامہ نواۓ وقت (خواتین کا صفحہ)، نواۓ وقت سنڈے میگزین، ماہنامہ اردو ڈائجسٹ وغیرہ میں بھی متفرق تحاریر شائع ہوتی رہی ہیں اور اب بھی گاہے بگاہے ہوتی رہتی ہیں۔

‎فوزیہ عباس بنیادی طور پر نثر نگار ہیں اور اب تک ان کی  سینکڑوں متفرق تحاریر مثلاً کہانیاں (بچوں کے لیے), مضامین، کالمز، سروے، فیچرز، رپورٹس، انٹرویوز وغیرہ شائع ہو کر قبول عام حاصل کر چکے ہیں۔

فوزیہ عباس  کی تصانیف 

‎فوزیہ عباس بچوں کے ادب اور بچوں کی نفسیات کے شعبوں میں خصوصی دلچسپی اور مہارت رکھتی ہیں۔۔‎فوزیہ عباس کی اب تک پانچ کتابیں شائع ہو چکی ہیں ۔

‎* بچوں میں خوف

‎بچوں کے ہر قسم کے خوف اور فوبیاز پر اردو زبان کی پہلی  کتاب ہے جسے اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی نے شائع کیا ہے۔۔ یہ کتاب 2013ء کے کراچی کے عالمی کتب میلے میں ادارے کی 10 بیسٹ سیلنگ بکس میں شامل تھی۔

‎* بچوں کے منفی رویے:

‎اردو سائنس بورڈ لاہور نے شائع کی ہے جس میں 2سے16 سال تک کی عمر کے بچوں کے روزمرّہ زندگی میں درپیش منفی رویوں کے اسباب، علامات اور تدارک کی تجاویز وغیرہ شامل ہیں۔

آپ ایک ماں ہیں

‎پہلی مرتبہ ماں بننے والی خواتین کی رہنمائی کرتی ہے۔۔ اسے بھی اردو سائنس بورڈ لاہور نے شائع کیا ہے۔

‎*بچوں کے ذہنی امراض

‎دو سے سولہ  سال تک کی عمر کے بچوں کے ذہنی امراض و مسائل پر مشتمل اردو زبان کی پہلی مکمل رہنما کتاب ہے، جسے اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی نے بہت خوبصورت باتصویرشائع کیا ہے۔

‎*دھندلاتے عکس مٹتی یادیں:

‎پانچویں کتاب جنوری 2021ء میں ” دھندلاتے عکس, مٹتی یادیں” کے زیر عنوان الزائیمر ڈزیز پر شائع ہوئی ہے اس بھی اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی نے باتصویر شائع کیا ہے۔۔۔

‎مندرجہ بالا تمام کتب  شہر کے معروف بڑے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز(سائیکاٹرسٹ، سائیکالوجسٹ) مریضوں اور ان کے گھر والوں کی مشاورت اور معاونت سے لکھی گئی ہیں۔۔ ان میں سے تین کتب بچوں میں خوف، بچوں کے منفی رویے اور بچوں کے ذہنی امراض سے ایک معروف بڑے سرکاری اسپتال کے شعبہ نفسیات میں استفادہ کیا جا رہا ہے۔

‎فروری 2021 ء سے فوزیہ عباس آن لائن ایک عالمی، علمی ادبی فورم سے بھی منسلک ہیں۔

فوزیہ  عباس بطور آرٹسٹ 

‎اپنی علمی، ادبی اور صحافتی مصروفیات کے ساتھ ساتھ گزشتہ تین سال سے فوزیہ عباس “ماہاز” کے برینڈ سے ہینڈ میڈ گوٹا جیولری ڈیزائن اور ڈسپلے کر رہی ہیں۔۔ مہندی،مایوں، شادی بیاہ وغیرہ سمیت ہر طرح کی تقریبات کی مناسبت سے پہننے اور تحفے میں دینے کے لیے گوٹے، کناری، ربن، سلک تھریڈ وغیرہ سے خوبصورت جیولری آرڈر پر ڈیزائن کرتی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact