نجمہ شکور انسانیت کی مسیحا اور خواتین کے لئے رول ماڈل ہیں
اسلام آباد (پی ایف پی نیوز)
پاکستان کی سول سوسائٹی نے ممتاز سماجی کارکن محترمہ نجمہ شکور کی غیر معمولی سماجی خدمات کے پیش نظر ان کے لئے نوبل انعام کے حصول کے لئے مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے – اس بات کا اعلان سیدہ نجمہ شکور کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ آن لائن یادگاری ریفرنس سے خطاب کرتے ہوۓ مختلف مقررین نے کیا – یادگار ی ریفرنس میں مقررین نے سیدہ نجمہ شکور کی سماجی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا – ریفرنس کے میزبان ایگزیکٹو ڈائرکٹر،پاکستان سینٹر فار ڈیولپمنٹ کیمیونکشن آفتاب اقبال تھے
مقررین میں ویمن ویلفئیر آرگنایزیشن کی سربراہ انیقہ شکور، پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود، ڈاکٹرنسیمہ جوگیزئی،ٹرسٹ فار والنٹئیری آرگنائزیشنزکے سربراہ سعید عباسی، پریس فارپیس فاؤنڈیشن کے سربراہ ظفر اقبال، رفعت شمس بانی سربراہ، ہیومن ریسورس لرننگ سینٹر، میاں نعیم، مسعود گردیزی(معروف صحافی) ڈاکٹر حسنین علی جوہر سماجی کارکن،علی چودھری ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹ، صوفیہ مغل سماجی کارکن اور سید سالم علی اور دیگر شامل تھے – آفتاب اقبا ل نے کہا کہ نجمہ شکور خواتین کے لئے ایک رول ماڈل ہیں –انھوں نے سوشل سیکٹر میں عوامی خدمت کے لئے ہر شعبے میں بے پناہ کام کیا ہے -تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے کہاکہ خواتین کے کردار کو سراہے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا – ہمیں ہر شعبہ زندگی میں عورتوں کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے -ڈاکٹر نسیمہ جوگیزئی نے مطالبہ کہ آزاد کشمیر یونی ورسٹی میں سوشل ورک اور رورل ڈیولپمنٹ کے شعبے میں نجمہ شکور کے عوامی ترقی کے ماڈل کو سلیبس میں شامل کرنے کی ضرورت ہے –
پریس فارپیس فاؤنڈیشن کے سربراہ ظفر اقبال نے کہا کہ نجمہ شکور کی عوامی فلاح و بہبود کی خدمات اس بات کی متقاضی ہیں کہ انھیں حکومت پاکستان کااعلی ترین سول ایوارڈ دیا جاۓ – انیقہ شکور نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں نجمہ شکور چئریٹی فنڈ کے تحت تین سو سے زائد خواتین کو با کفالت بنانے کے لئے مختلف چھوٹے منصوبے شروع کیے گئے ہیں – مسعود گردیزی نے کہا کہ نجمہ شکور نے اپنی ساری زندگی معاشرے کے ضرورت مند افراد کے مسائل حل کرنے اور انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کر رکھی تھی -تعزیتی ریفرنس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نجمہ شکور نے ہزاروں خواتین کی زندگی میں سماجی اور معاشی طور پر انقلاب پیدا کیا -ان کے کام کو عالمی اداروں میں سراہا گیا اب اس بات کی کوشش کی جاۓ گی کہ ان کا نام نوبل انعام کی فہرست میں شامل ہو – وہ خدمت انسانی کا نمونہ تھیں – نئی نسل کے لئے ایسے کردار مینارہ نور ہیں-ڈاکٹر حسنین علی جوہر نے بتایا کہ نجمہ شکور خطے میں لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے کوشاں تھیں اور مواصلات، صحت، تعلیم اور یگرشعبوں میں مثالی خدمات سرانجام دیں – سید سالم علی اور علی چودھری نے کہا کہ نجمہ شکور نے ایک عام سیدھی ساد ھی عورت ہونے کے باوجود بڑے بڑے فورمز پر اپنے خطے کے لوگوں کے لئے بااعتماد انداز میں آواز اٹھائی – صوفیہ مغل نے کہاکہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ویلفیر کے پراجیکٹ کے ثمرات حقیقی مستحق تک پہنچیں