(وادی نیلم ( پی ایف پی نیوز
آزاد کشمیر کے ضلع نیلم سے جاری ہونے والا اولین کالج میگزین۔ گورنمنٹ کالج میرپورہ کا پہلا شمارہ بساط شائع ہو گیا ہے۔ رسالےکے مدیر اعلا شاعر ،محقق اور کالم نگار پروفیسر فرہاد احمد فگار ہیں جب کہ مدیر پروفیسر ملک مبشر احمد ہیں۔ ادارے کے پرنسپل پروفیسر رفیق احمد کی سرپرستی میں شائع ہونے والا یہ مجلہ مشہور ماہر کشمیریات محمد سعید اسعد کی زیر نگرانی شائع ہوا۔ بساط نیلم اور میرپورہ میں کالج میگزین کی خوب صورت روایت کا حامل مجلہ ہے۔ اس مجلے کی اشاعت پر علمی ،ادبی اور تعلیمی حلقوں نے مدیر اعلا فرہاد احمد فگار کی کاوشوں کو سراہتے ہوۓ پرنسپل ادارہ پروفیسر محمد رفیق کو مبارک باد پیش کی۔ پبلک سروس کمیشن آزاد کشمیر کے سیکرٹری اور معروف شاعر جناب جاوید الحسن جاوید نے منتظمین کی اس کاوش کو سراہتے ہوۓ امید ظاہر کی ہے کہ ۲۰۲۰ء کے بعد جلد ۲۰۲۱ء کا شمارہ بھی منظر عام پر ہو گا۔ “کہے بغیر”کے شاعر جناب پروفیسر اعجاز نعمانی نے بھی “بساط”کی کامیاب اشاعت پر مجلس ادارت اور دیگر منتظمین کو مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ میرپورہ جیسے مضافاتی علاقے سے وسائل کی عدم موجودگی میں پہلا شمارہ نکالنا یقیناً جاں گسل کام تھا۔ فرہاد نے اس نہر کو نکال کر ایک اہم کارنامہ سر انجام دیا۔ انھوں نے کہا کہ “بساط” کیا عمدہ میگزین ہے۔۔۔اس کی بے شمار مبارک فرہاد احمد فگار کو اور پرنسپل ادارہ پروفیسر محمد رفیق صاحب کو۔ نیلم سے میگزین کے حوالے سے اولیت کا سہرا فرہاداحمد فگار کے سر ہے۔
ایک محقق عاقلانہ مزاج اور ناقدانہ طبیعت رکھتا ہےفگار کو ہر دو میسر ہیں۔اس کام پہ ان کو بہت داد ،تحسین، دعا۔نام ور شاعر اور محقق احمد حسین مجاہد کے مطابق”فرہاد جیسے انسان کا کسی بھی معاشرے میں ہونا باعث برکت ہے۔” بساط کی کام یاب اشاعت پر مبارک باد دینے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالکریم پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرآباد نے بھی زبردست الفاظ میں داد و تحسین پیش کی اور ثابت قدم رہنے کی دعا کی.