مصنفہ ، تسنیم جعفری
اس کتاب میں جس ہستی کی کہانی بیان کی گئ ہے
اس عظیم اور نابغہ روزگار شخصیت کو حکیم الامت ، مفکر پاکستان اور شاعر مشرق ، جیسے ناموں سے یاد کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شخصیت اور علمی و ادبی جامعیت ایک بحر ِبیکراں ہے۔ آپ کی ساری زندگی ایک مینار نور کی حیثیت رکھتی ہے جس سے اہلِ علم و ادب ایک تسلسل سے فیضیاب ہوتے آئے ہیں اور ہوتے رہیں گے۔
محترم علامہ محمد اقبال کے اس علمی اور ادبی دبستان کی تفہیم اور توصیف کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری و ساری ہے ۔ ہر وہ شخص جو آپ کے کلام سے فیضیاب ہوا اپنے اپنے زاویہء نظر کے حساب سے آپ کو خراجِ تحسین و عقیدت پیش کرتا رہا ہے ۔اور اسی سلسلے کی ایک کڑی محترمہ تسلیم جعفری کی یہ کتاب “اک خوش نوا فقیر” ہے ۔
میں علامہ کی شاعری اور معمولات زندگی کے بارے بھی بہت دلچسپی سے مطالعہ کرتی ہوں اقبال سے بہت زیادہ روحانی اور ذہنی ۔وابستگی کی وجہ سے علامہ اقبال کی شاعری اور حالات زندگی بارے کافی معلومات بھی رکھتی ہوں مگر اس کے باوجود جب پیاری بہن تسنیم جعفری کی کتاب “اک خوش نوا فقیر” کا مطالعہ کیا تو خود کو معلومات اقبال بارے خاصا تہی دامن محسوس کیا ۔ بہت کچھ دلچسپ نیا اور ایسا پڑھنے کو ملا جو اب تک میری چشم ِشوق سے پوشیدہ تھا ۔
اس کتاب میں مصنفہ اپنے خیالات اور تحقیق کے علاوہ مختلف کتب سے حوالوں کی صورت اقبال علیہ رحمہ بارے نایاب گوہر تلاش کر کے لائی ہیں ۔ جس کے لیے آپ کے عمیق مطالعے اور ذہنی مشقت کو داد نہ دینا مصنفہ کی کاوشات سے صرفِ نظر ہو گا ۔
مطالعے کے لیے کتب کا انتخاب اور پھر یکسوئی سے اس پر کام اور کام بھی ایسا کے قاری محظوظ ہوۓ بغیر نہ رہ سکے ۔ تعلیمات اقبال ، فکر اقبال ، فلسفہ خودی ، حیات اقبال یعنی ایک نونہال سے نخیل سایہ دار و ثمر بار بنے تک کی تمام منازل کو اس خوبصورتی سے اس کتاب کے ذریعے نسل نو تک پہنچایا گیا کہ گویا ایک اہم اور مقدس فریضہ تندہی اور دیانت داری سے انجام دیا گیا ہو ۔ ادبِ اطفال میں محترمہ تسنیم جعفری کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں لیکن اگر یہ کہا جائے کہ یہ کتاب ہر عمر کے لوگوں کے لیے یکساں مفید ہے تو غلط نہ ہو گا۔ اس نسخہ کی افادیت اور فکری وسعت کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ اگر آپ کے بچے کتاب پڑھنے میں دلچسپی نہیں بھی رکھتے تو آپ اس کتاب کو ضرور پڑھیں اور اس میں موجود واقعات اپنے بچوں کو سنائیے اور ان کو روزمرہ زندگی میں اپنے معمولات کا حصہ بنانے کی کوشش کیجئے ۔ میرے خیال میں قاری کو اقبال کی کہانی میری زبانی پڑھ کر سب سے پہلا اور بڑا سبق یہی ملتا ہے کہ آپ اپنے بچوں کو جیسا دیکھنا چاہیے ہیں پہلے خود ویسا بننے کی کوشش کیجئے کیونکہ اچھی فصل کے لیے بہترین آب و ہوا( تربیت )انتہائی ناگزیر ہے ۔
مگر اس میں پڑتی ہے محنت زیادہ
اس کتاب کے مطالعہ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فقیر دنیا میں فیض بانٹنےآیا تھا اس خوش نوا فقیر کی نوا کبھی
علم الاقتصاد کبھی اسرار خودی
کبھی رموز بے خودی کبھی ,پیام مشرق کبھی زبور عجم, کبھی جاوید نامہ کبھی پس چہ باید کرد اے اقوامِ شرق کبھی ارمغان حجاز کبھی مہدف مقالہ کبھی بانگ درا, کبھی بال جبریل کبھی ضرب کلیم بن کر مسلمانان ہند کے خوابیدہ اذہان کو نور اسلام و پیام الہی سے منور کرتی رہی اور ایک قوم کی مردہ رگوں میں آزادی کی روح پھونکنے میں کامیاب ہوئی ۔
علامہ اقبال کی انگریزی, تصنیفات میں فارسی میں ماوراء الطبیعیات کا ارتقاء اسلام میں مذہبی افکار کی تعمیر نو اور پھر اقبال کی نظموں کا فنی فکری تجزیہ
شامل ہیں جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اس خوش نوا فقیر کی نوا سے فقط اہلیان ِبرصغیر ہی نہیں بلکہ یورپ والے بھی فیضیاب ہوئے ۔
اس کتاب میں بتایا گیا ہے کہ اقبال کی شاعری نے کس طرح برصغیر کے مسلمانوں کو شان خودی سے روشناس کروایا انہیں بتایا کہ اپنے اسلاف کے کارنامے کو یاد رکھتے ہوۓ انہیں اہنے مستقبل کی راہوں کو استوار کرنا ہوگا ۔
۔محترمہ تسنیم جعفری نے انتہائی خوبصورتی اور خوش بیانی سے یہ کہانی تحریر کی ہے کہ اسے پڑھنے والا تاریخ کے اوراق کو پلٹتے پلٹتے زینہ بہ زینہ کہانی میں اترتا چلا جاتا ہے اس پر ایسا فسوں تاری ہو جاتا ہے کہ اسے لگنے لگاتا ہے کہ وہ چشمِ تصور سے سب دیکھ رہا ہے ۔ انجمن حمایت اسلام کے وہ سب جلسے وہ سب جم غفیر وہ سب فلک شگاف نعرے جو لاہور کی فضاء میں گونج رہے ہیں ، ایک فقیر خوش نوا ایک بندہ خدا ایک شاعر خوش بیاں کس شان سے اسٹج پر آتا ہے ، کس وقار سے عوام کی محبتں سمیٹنا ہے اور کیسے یہ فرزند ِ نور محمد ، نور محمد اور اسم محمد سے
دہر میں اجالا کر دیتا ہے
بلاشبہ ایک بہترین کتاب کا مطالعہ کرنے کو ملا جس کے لیے تسنیم جعفری اور پیاری آپا محترمہ شمیم عارف صاحبہ کی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر گزار ہوں ۔
( تسنیم جعفری کی دو کتب اک خوش نوا، فقیر اور امید پیاری شمو آپا نے ہی مجھ تک پہنچائیں ، بہت جئیں آپ ، آپ واقعی ہی بہت پیاری ہیں )
تسنیم جعفری کو اس بہترین تصنیف پر بہت مبارک باد اور مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کی ڈھیروں دعائیں
Discover more from Press for Peace Publications
Subscribe to get the latest posts sent to your email.