نیاگرا کے دیس میں
تاثرات : صالحہ محبوب
ڈاکٹر عزیزہ انجم کی کتاب”نیاگرا کے دیس میں” سفر نامہ کینیڈا بک فیئر لاہور کے پریس فار پیس کے اسٹال سے خریدی ۔اپنے خوبصورت ٹائیٹل کی وجہ سے اس نے پہلی ہی نظر میں متاثر کیا ۔
    ڈاکٹر عزیزہ انجم سے میری شناسائی دو جگہوں سے ہے ۔اول دائرہ علم و ادب میں ان کی نظمیں اور آرٹیکل پڑھنے کو ملتے ہیں اور بہت عمدہ رائے دیگر لوگوں کی تحریروں پر ۔اور دوسری جان پہچان سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم فیس بک سے ۔ان کے اس سفر کی کچھ روداد وہاں پڑھی مگر پوری کہانی اس کتاب کے صفحات میں پڑھی۔
سفر نامہ اپنی دلچسپی کے لحاظ سے اچھا ہے ۔سفر کی طوالت میں تھکن سستی اور بوریت کا ذکر ہی نہیں فکر نظر آئی تو نمازوں کی ۔۔۔کھانوں میں حلال کھانے کی اور باتھ روم میں پانی کی۔۔
موسم کے ٹھنڈے ہونے کا بھی خوشگوار انداز میں ذکر ہے ۔باہر کی ٹھنڈک ،برف اور سردی کے بغیر کینیڈا کا سفرنامہ لکھنا ممکن نہیں اور اگر مسافر کا تعلق بھی کراچی جیسے معتدل اور گرم شہر سے ہو مگر اس ٹھنڈک کو گھروں کے اعلیٰ گرمائش کے نظام کی تعریف نے خوشی میں بدل دیا ۔
   ڈاکٹر صاحبہ نے کینیڈا کو ایک مختلف نگاہ سے دیکھا اور بیان کیا ہے ۔۔۔جیسے ایک کاروباری شخص ملک کو نفع نقصان کی نگاہ سے جانچتا ہے اور سرکاری افسر اس ملک کے بیوروکریٹ کلچر کے حساب سے ۔ڈاکٹر صاحبہ نے کینیڈا کو تحریکی ،مسلم نگاہ سے دیکھا اور جانچا ہے ۔اسی لیے ان کو ہر جگہ مسلم کمیونٹی بھی نظر آئی ۔خیر کی متلاشی خواتین بھی ۔مسلمان تربیت یافتہ نئی نسل بھی ۔۔انہیں رمضان میں روزے سحری افطاری تراویح بھی مل گئی تو عید پر عید کی نماز ،خواتین کی سج دھج اور عید کی دعوتیں بھی ۔اور تو اور عید الاضحی پر قربانی اور اس میں پائے تک کے مزے۔۔۔
    اکنا کی خواتین کے عمدہ کاموں کا ذکر خیر بھی ہے۔اور اس کتاب میں خواتین ڈرائیورز کا بار بار تذکرہ ہے۔۔
ہمیں سفر نامہ کینیڈا میں ان کی خاطر تواضع میں خالص دیسی ڈشز اور ان کی ورائٹی کا پڑھ کر پہلے حیرت ہوئی پھر خوشی اور پھر آخر میں یوں لگا جیسے مصنفہ کینیڈا نہیں لاہور آئی تھیں ۔
اکنا کے پروگرام میں موضوعات کا صرف اشارہ ہی ہے مگر مقررین کے نام ہی ان کے عمدہ ہونے کی دلیل کے لیے کافی ہیں ۔کئی نام تو فیس بک کے ذریعے اس قدر شناسا ہیں کہ یہ سفر نامہ پاکستان یا فیس بک لگا۔
   اس قدر انٹرنیشنل سفرنامے اور انتہائی ٹیلنٹڈ بچیوں کی والدہ ہونے کے ساتھ ساتھ مصنفہ مشرقی بیگم بھی لگ رہی ہیں ۔اپنے شریک حیات کا نام لینے سے گریزاں  اشاروں کنایوں میں محبت کا اظہار بھی مگر صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں ۔۔
واپسی کی روداد بھی عمدہ ہے۔صاف چمکتے ملکوں شہروں اور ائیرپورٹ سے پاکستان کے ملگجے شہر میں واپسی مگر اپنے وطن کی محبت تو دل میں بستی ہے۔
   کتاب کی چھپائی اچھی ہے خصوصاً اس کا فونٹ سائز بڑا ہے جو قاری کے لیے پڑھنا سہل کر رہا ہے ۔تصویریں شامل اشاعت ہیں مگر بلیک اینڈ وائٹ ہونے کی وجہ سے مناظر کو زیادہ واضح نہیں کر رہیں ۔کاغذ اچھا استعمال کیا گیا ہے ۔طباعت میں املا کی غلطیاں نہیں ہیں ۔ہمیں تو یہ سفر نامہ پڑھ کر بہت مزہ آیا ۔۔اپنے بستر میں بیٹھے ہوئے ہی کینیڈا کی سیر ہو گئی اور بہت سی تحریکی خواتین سے ملاقات بھی ۔
اپنے سفر میں قارئین کو شامل کرنے کا شکریہ ۔
والسلام
صالحہ محبوب لاہور

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Comments

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact
Skip to content