بسمہ تعالیٰ
نام کتاب: کھٹی میٹھی نظمیں
شاعر: احمد حاطب صدیقی
ناشر: پریس فار پیس پبلی کیشنز
قیمت: 650 روپے
ملنے کا پتہ: پریس فار پیس پبلی کیشنز
03224645781
بچوں کے لیے کہانی سننا جتنا دلچسپ عمل ہے کہانی پڑھنا اتنا دلچسپ اور آسان نہیں۔ بہت کم تعداد میں بچے کہانیاں پڑھنے کی طرف راغب ہوتے ہیں اور شاعری سے بچوں کی دلچسپی پیدا کرنا کار دشوار ہے۔ اس لیے کہ کہانی اور نظم دو قطعی مختلف اصناف ہیں۔ نظم میں ایسا ردھم اور تاثر دینا کہ بے اختیار بچے اس میں دلچسپی لیں بہت مہارت کا کام ہے۔
اسی لیے سوتے وقت بچوں کو جو کہانیاں سنائی جاتی تھیں وہ جن بھوت، پریاں، دیو، شہزادوں سے ہوتی ہوئی روز مرہ سبق آموز باتوں پر مبنی ہوتی تھیں لیکن سوتے وقت سنائی جانے والی نظمیں جنہیں لوری کہا جاتا ہے دو ایک ہی ہیں یا پھر چند ایک نظمیں جو ہر دور میں بچوں کو اچھی لگتی رہی ہیں۔
آمدم برسر مطلب ایسی نظمیں جو چند لفظوں میں ہنر مندی سے بچے کو پتے کی بات بھی بتائیں اور بچوں کو قابو بھی کرلیں۔ ایسی نظمیں کم ہیں تو نظموں کے خالق بھی چند ایک ہی ہیں جن میں جناب احمد حاطب صدیقی صاحب سر فہرست ہیں۔
زیر مطالعہ کتاب میں زیادہ تر نظمیں میٹھی ہی ہیں۔ جن نظموں کو کھٹا کہہ کر پیش کیا گیا ہے ان میں بھی ترشی کم اور شیرینی زیادہ ہے۔
عمدہ کاغذ اور انتہائی دیدہ زیب رنگوں سے بنائی تصویروں نے ان نظموں کی خوبصورتی میں اضافہ کیا ہے۔
یہ سب نظمیں چھوٹے مصرعوں پر مشتمل ہیں اور کمال یہ ہے کہ چھوٹی چھوٹی نظموں سے بچوں کو اخلاقیات کا کوئی نہ کوئی بہتر سبق دیا گیا ہے۔ سیرت النبی سے آگاہ کیا گیا ہے اور بچوں کو اچھا بننے کے گر سمجھائے گئے ہیں۔
اس کتاب میں جناب احمد حاطب صدیقی کی معروف نظمیں،”یہ بات سمجھ میں آئی نہیں“اور ”استاد محترم کو میرا سلام کہنا“بھی شامل ہیں۔
کتاب میں چھوٹی نظموں میں بڑے بڑے سبق موجود ہیں تو بڑی نظموں میں اللہ کی قدرت، کاریگری اور سیرت کو بطریق احسن سمویا گیا ہے۔
کچھ قصے کہانیاں ایسی ہیں جنہیں نظموں کے قالب میں ڈھال دیا گیا ہے جیسے یہ نظمیں
وہی کہانی بڑی پرانی
شاباش لڑکے واہ واہ
الغرض ہر نظم ہی خوب ہے۔ بچوں کو سنائیں اور اتنا سنائیں کہ لوری کی طرح کان ان کی سماعت کے منتظر رہیں۔
ان نظموں میں نغمگی ہے، ترنم ہے اور دریا کی سی روانی یے۔
اللہ کرے یہ تمام نظمیں،”یہ بات سمجھ میں آئی نہیں“ کی طرح مقبول عام ہوں اور کتاب ہاتھوں ہاتھ لی جائے۔
میں جناب احمد حاطب صدیقی اور پریس فار پیس پبلی کیشنز کی پوری ٹیم جناب ظفر اقبال صاحب کو بالخصوص مبارک باد دوں گی جو عمدہ کتاب شائع کرنے اور قارئین تک پہنچانے کا فرض بخوبی ادا کر رہے ہیں۔
قانتہ رابعہ
Discover more from Press for Peace Publications
Subscribe to get the latest posts sent to your email.