تاثرات: پروفیسر سلیم  مغل

حاطب بھائی کی تصنیف نو کا نام ”پھولوں کی زبان“ کے بجائے ”حاطب کی زبان“ بھی ہوتا تب بھی اسے پھولوں ہی کی زبان سمجھا جاتا۔ حاطب بھائی کچھ بھی لکھیں یا کسی سے بھی ہم کلام ہوں دونوں صورتوں میں کلیوں کے چٹخنے اور پھولوں کے مہکنے کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ گمان ہے کہ احمد فراز ؔ نے اپنی مشہور غزل کا یہ خوب صورت شعر ضرور حاطب بھائی ہی کے لئے کہا ہوگا۔
سنا ہے بولے تو باتوں سے پھول جھڑتے ہیں
یہ بات ہے تو چلو بات کرکے دیکھتے ہیں
حاطب بھائی کو اللہ نے ذہن رسا بھی عطا کیا ہے اور حسن اظہار کا سلیقہ بھی، وہ صاحب علم بھی ہیں اور ماہر لسانیات بھی ۔ حاطب بھائی نثر لکھیں یا نظم، مزاح لکھیں یا کوئی سنجیدہ تحریر زبان پر ان کی دسترس اور اظہار پر ان کی قدرت قاری کو متاثر ضرور کرتی ہے۔  متاثرین حاطب کا حلقہ اب بہت وسیع ہو چکا ہے ۔
فی زمانہ اس قدر خوب صورت اردو لکھنے والے کم کم ہی نظر آتے ہیں۔ ان کی تازہ ترین کتاب ”پھولوں کی زبان“ ان کے ایسے کالموں کا مجموعہ ہے جو جسارت میں شائع ہوچکے ہیں۔ اس میں سے بیشتر کالم تو میری نظر سے گذر چکے تھے تاہم انہیں ایک بار پھر سے پڑھنے کا لطف لے رہا ہوں۔
حاطب بھائی، استاد محترم اطہر ہاشمی مرحوم کے انداز بیان اور طرز تحریر سے متاثر تھے، سو انہیں بھی اس کتاب میں پھولوں سے مہکتے ہوئے الفاظ کے ساتھ یاد کیاہے۔ اللہ ان سے راضی ہو، وہ واقعی باکمال شخص تھے۔ ان کی زبان، بیان، انداز کلام خصوصاً شگفتہ بیانی کے کیا کہنے۔ وہ حقیقی معنوں میں ابلاغ اور اظہار کے فن میں منفرد اور یکتاتھے ۔
حاطب بھائی نے یہ کتاب مجھے بڑی محبتوں کے ساتھ بھجوائی ہے، سو میں اس خوب صورت تحفے پر تہہ دل سے ان کا ممنون ہوں۔
احمد حاطب صدیقی میرے یونیورسٹی عہد کے دوست ہیں،یہ تعلق گویا کوئی نصف صدی پر محیط ہے۔مجھے کبھی کبھی تو یہ گمان بھی ہونے لگتا ہے کہ جس طرح کولمبس نے امریکا کو دریافت کیا تھا، کچھ اسی طرح میں نے حاطب بھائی کو دریافت کیا۔ 1978میں جامعہ کراچی طلبا یونین کے سالانہ مجلے کے لئے ان سے ان کی نظم اور کوئی نثری تحریر حاصل کی تھی جو بہ اہتمام شائع ہوئیں اور بے انتہا پسند کی گئیں۔ پھر آنکھ مچولی کا زمانہ آیا تو میں نے ان کا خوب خوب استحصال کیا۔بچوں کے لئے بہت کچھ لکھوایا اور حاطب بھائی نے بھی خوب خوب لکھا۔ ان کی ہر نظم اور ہر مضمون پسند یدگی کے معیار پر نہ صرف پورا اترتا بلکہ شہرت کے ہفت آسمان تک جاپہنچتا۔
حاطب بھائی کو اللہ نے بڑی صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ ذاتی اوصاف سے لے کر علمی ادبی و لسانی حوالوں تک وہ  بے مثال بھی ہیں اور باکمال بھی ۔
حاطب بھائی کو ان کی تصنیف نو پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد اور محبان اردو سے پر زور اپیل کہ وہ کتاب منگوائیں، نہ صرف اپنے لئے بلکہ دوستوں کو تحفہ دینے کے لئے بھی۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کو یہ کتاب زبان، اظہار اور ابلاغ کے سبھی حوالوں سے بے حد پسند آئے گی۔


Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Comments

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact
Skip to content