===================

*روداد 5 فروری 2025*

لاہور انٹرنیشنل بک فئیر

*پہلا دن*

پریس فار پیس پبلی کیشنز کے سٹال سے

ماورا زیب ( نائب مدیرہ )

ماورا زیب
ماورا زیب

انتظامیہ کی طرف سے ساڑھے نو کا بلاوا تھا مگر دروازہ سوا دس بجے تک کھلا کہ سکول کے بچوں کا انتظار تھا۔ افتتاح ہوا اور شاندار ہوا الحمد للہ۔

یومِ کشمیر کی وجہ سے عام تعطیل تھی جس کی وجہ سے لوگوں کی آمد و رفت میں تیزی رہی۔ کتابوں میں نوجوانوں کی دلچسپی کی شرح کم نظر آئی مگر بہرحال موجود تھی اور یہ بھی ایک خوش آئند بات ہے کہ مستقبل ابھی مکمل تاریک نہیں ہے الحمد للہ۔

سب سے اچھی بات یہ رہی کہ نوجوانوں کے دماغ میں سوالات موجود تھے اور وہ ہم سے جوابات بھی چاہتے تھے تو بھئی اپنے نظریات کے مطابق ہم نے جوابات دے دیے۔ اب ہمارا مقصد تو سکھانا ہے، سامنے والا بس سیکھ سکے۔

سٹال کی رونق میں اضافہ اس وقت ہوا جب تسنیم جعفری اپنے ساز و سامان کے ساتھ تشریف لائیں ۔ انھوں نے سٹال کو غباروں سے سجادیا جس کی وجہ سے سٹال کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگیا۔ سرفراز اجمل جو دائرہ علم و ادب کے لاہور سٹیشن کے جنرل سیکریٹری ہیں ہمارے لیے سٹال کے پہلے دن کا تحفہ لائے جو بچوں کی کتاب پر مشتمل تھا اور ہمارا دل تو باغ باغ ہوگیا۔ مان لیا کہ کتابوں کے جھرمٹ میں شب و روز بسر ہوتے ہیں مگر تحفے کی بات ہی الگ ہوتی ہے۔

سر احمد حاطب صدیقی کے نام ایک شام بھی تھی جس کی روداد الگ سے آئے گی۔ منتظر رہیے۔ سر مکرم صدیقی کے ساتھ تو ایسی یادگار گفتگو ہوتی ہے کہ ہر ملاقات اپنے نقوش چھوڑ جاتی ہے۔ بادشاہ گروں کے قبیلے سے تعلق ہے ان کا، آتے ہیں، صلاحیتیں پہچانتے ہیں، تجاویز دیتے ہیں اور اس بندے کو مشہور کر کے پتلی گلی سے نکل جاتے ہیں۔ ان کے لیے بہت دعائیں کہ لوگوں کا ہاتھ پکڑ کر کامیابی کا زینہ چڑھانے والے کم ہی ہوتے ہیں۔

تقریب کے بعد تعلیم و تر بیت کے مدیر سر اشفاق احمد خان کے ساتھ بہت اچھی گفتگو رہی۔ مابدولت اور حفص نانی کی گفتگو اتنی عمدہ تھی کہ سر اشفاق کے پاس متاثر ہونے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔

تقریب کے بعد تو مابدولت تو حال سے بے حال تھیں، تھکاوٹ روم روم میں اتری ہوئی تھی، قدم کہیں رکھتے تھے اور وہ بہک کر کہیں اور  رخ موڑ لیتے تھے۔ اشفاق احمد خان کا ایک سوال تھا کہ اتنا پڑھ کرکیا حاصل ہوا؟ اور ہمارا جواب تھا ”میں اس وقت بہت خوش ہوں۔“ تو بس یہی بات یہاں کے لیے کہ تھکاوٹ تو تھی لیکن دل مطمئن تھا۔ پہلا دن ایک بھرپور سبق دے کر اختتام پذیر ہوا۔

===============

28e81382 0c21 4399 8597 0ef9a76cefe4
28e81382 0c21 4399 8597 0ef9a76cefe4

 


Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Comments

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact
Skip to content