پی ایف پی نیوز
ممتازکشمیری سیاست دان اور لکھاری کرشن دیو سیٹھی جموں میں انتقال کر گئۓ- کرشن دیو سیٹھی صاحب 1925ء میں میرپور آزاد کشمیر میں پیدا ہوئے ۔ کامریڈ کرشن دیو سیٹھی اور ان کے سارے خاندان کا تعلق پرانے میرپور شہر کے محلہ چھتی گلی سے تھا۔
کرشن دیو سیٹھی 1947میں بٹوارے کے وقت مہاراجہ ہری سنگھ کی شخصی آمریت کے خلاف میرپور جیل میں قید کاٹ رھے تھے۔ اور جب حالات زیادہ خراب ہوئے اور ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہوئے تو انکے مسلمان دوستوں نے جیل توڑ کر اپنی حفاظت میں سماہنی/بیری پتن کا بارڈر کراس کروا کر جموں شہر روانہ کر دیا تھا –
وفات سے قبل وہ اپنی جنم بھومی میرپور شہر کا کئی بار دورہ کر چکے تھے – میر پور میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا – وہ جموں وکشمیر کے تمام طبقوں، ہندو، مسلمان، سکھ اور بدھ وغیرہ میں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے ۔
وہ باقاعدگی سے اردو اور انگریزی میں کالم لکھا کرتے تھے -انھوں نے ایم اے فارسی تک تعلیم حاصل کر رکھی تھی – وہ سوشلسٹ نظریات کے داعی تھے اور اس حوالے سے ایک کتاب بھی لکھی تھی جس کا نام“سامراج کا جنگی جنون“ہے –
سیٹھی صاحب کی سیاسی زندگی کا آغاز میرپور سے ہوا۔ میرپور میں نیشنل کانفرنس کی“کشمیر چھوڑ دو تحریک“ کے روح روان راجہ محمد اکبر خان، مولانا عبداللہ،حاجی عبدالرحمان اور حاجی وہاب الدین کے ساتھ کام کیا۔ اور ان کے ساتھ گرفتار ہوے- یوں سیٹھی صاحب کی سیاسی زندگی کا آغاز میرپور میں اس گرفتاری اور پہلی مرتبہ جیل جانے سے ہوا۔
وہ ابھی جیل میں ہی تھے کہ برصغیر تقسیم ہوگیا اور پھر بدقسمت جموں کشمیر کا خطہ بھی تقسیم ہوا۔ سیٹھی صاحب کو میرپور خیر آباد کہنا پڑا۔
سیٹھی صاحب انٹرا کشمیری ڈایئلاگ پر زور دیتے رہے-ان کا ماننا تھا کہ جموں و کشمیر کو از سر نو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈوگروں، کشمیریوں، میرپور، پونچھ سے لے کر لداخ اور گلگت بلتستان کے عوام کو مل بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کا دائمی حل تلاش کرنے کا موقع فراہم کیا جانا چاہیئے۔ریاست کے تمام حصوں میں ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوۓ ان کی خدمات کو سراہا گیا ہے
Discover more from Press for Peace Publications
Subscribe to get the latest posts sent to your email.
You must be logged in to post a comment.