بہاولپور: گورنمنٹ صادق ویمن یونیورسٹی بہاولپور (شعبہ اردو) کے زیر اہتمام مقابلہ تبصرہ نگاری منعقد ہوا۔ طالبات میں تبصرہ نگاری کی عملی مشق کے لئے پریس فار پیس فاؤنڈیشن کی شائع کردہ کتاب“بہاولپور میں اجنبی”کا انتخاب کیا گیا تھا۔ مقابلے میں نمایاں کارکردگی کی حامل طالبات میں تقسیم انعامات کی ایک تقریب گزشتہ روز شعبہ اردو میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی مہمان خصوصی پروفیسر بلقیس اقبال گورمنٹ صادق ایجرٹن پوسٹ گریجویٹ کالج بہاول پورتھیں۔مقابلے میں طالبات نے بھرپور انداز میں شرکت کر کے اپنی تخلیقی اور ادبی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ مقابلے کی انچارج پروفیسر عائشہ اکبر تھیں جبکہ صدر شعبہ اردو گورنمنٹ صادق ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر عاصمہ رانی نے اس مقابلے کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔ منصفین کے فیصلے کے مطابق مدیحہ نعیم نے اول، مریم سعید نے دوسری اور شمائلہ غفار راؤ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکا میں ستائشی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر پریس فار پیس فاؤنڈیشن برطانیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر عائشہ اکبر نے طالبات کی ادبی سرگرمیوں کو سراہا۔ جبکہ صدر شعبہ اردو گورنمنٹ صادق ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر عاصمہ رانی اور پروفیسر عائشہ اکبر کو علمی، تعلیمی اور تحقیقی خدمات پر خصو صی ایوارڈ بھی دیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصمہ رانی نے کہا کہ طالب علموں کو اپنی خوابیدہ صلاحیتوں کا مہمیز دینے کے لیے تعمیری اور ادبی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اور محنت، لگن اور جہد مسلسل کو اپنا شعار بنانا چایئے کیونکہ والدین اپنے بچوں کے سنہری مستقبل کے لیے قربان دیتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کتاب پر تبصرہ ایک مشکل فن ہے جس میں تجزیے اور تقابل کی عملی مشق کا اظہار ہوتا ہے۔ گورنمنٹ صادق ویمن یونیورسٹی کی طالبات نے بہتریں تحریریں تخلیق کر کے اپنی صلاحیتیں استعمال کی ہیں۔ کامیابی کا یہ سفر جاری رہنا چاہیے۔
ڈاکٹر عاصمہ رانی اور پروفیسر ڈاکٹر عائشہ اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ علم و ادب کے فروغ اور خدمت انسانی کے لیے پریس فار پیس فاؤنڈیشن برطانیہ کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ پاکستان کی مختلف جامعات میں شعبہ اردو کام کر رہے ہیں لیکن پریس فار پیس فاؤنڈیشن کی شا ئع کردہ کتاب پر مقابلے کے لیے شعبہ اردو گورنمنٹ صادق ویمن نے پہل کر کے ایک احسن اقدام کیا ہے۔ گورنمنٹ صادق ویمن یونیورسٹی بہاول پور علمی، ادبی اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پریس فار پیس فاؤنڈیشن برطانیہ اور دیگر تنظیموں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ تقریب میں پوزیشن ہولڈرز کے علاوہ سندس شبیر، شائستہ کومل اور دیگر نے تعریفی اسناد وصول کیں۔
Discover more from Press for Peace Publications
Subscribe to get the latest posts sent to your email.