ایک چراغ ایک کتاب اور ایک امید اثاثہ

اس کے بعد جوکچھ بھی ہے سب فسانہ ہے

پورے ہوئے سب خواب (ڈرامہ) زیر طبع ۔ قانتہ رابعہ
پورے ہوئے سب خواب (ڈرامہ) زیر طبع ۔ قانتہ رابعہ

نئے سال کی آمد آپ کی دنیوی زندگی میں ایک سال کا اضافہ کرتی ہے  تو آپ کی عمر کا ایک سال کم بھی ہوجاتا ہے۔ میرے لئے یہ سال مصروف دن  کے آخری حصے کی مانند رہا جب اپنے ادھورے کام نبٹانے کی تگ و دو میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

یہ سال 2024ء قمری سال چاند سے منسوب ہے تو  ادبی سال کا تعلق  ہے جس کا تعلق ادب اور ادیبوں سے ہے۔ ہمیشہ کی طرح یہ سال بھی کچھ خوشیاں اور کچھ غم اپنے ساتھ لایا ۔ کچھ اپنے اس فانی دنیا سے رخصت ہوئے ۔ دل تنہائی کی طرف مائل رہا اپنی کارکردگی کا جائزہ لینے کے مواقع میسر آتے رہے شاید یہ سماجی زندگی سے رابطہ کم ہونے کی برکات ہیں کہ میرے اہداف نہ کسی حد تک الحمد للہ پورے ہوئے۔

تخلیقی صلاحیتوں کے حساب سے یہ سال میرے ادبی سرمائے میں گراں قدر ثابت ہوا۔ ماہنامہ خواتین ڈائجسٹ، کرن ، ماہنامہ بتول، عفت ، خواتین میگزین، شعاع ، پاکیزہ ، خواتین کا اسلام اور دوشیزہ ڈائجسٹ کے علاوہ اس مرتبہ اردو ڈائجسٹ میں بھی میرے افسانے تواتر سے شائع ہوئے۔ اس سال میرے  فلسطینی عوام پر لکھے دو ناولٹ” دلوں کا یقیں اور ” ۔” بسمہ تعالٰی “بہت پسند کئے گئے  یہ دونوں ناولٹ میرے افسانوں کے نئے مجموعے ” سید پورہ کی حویلی “میں شامل ہیں۔

2024ء میں شائع شدہ افسانوں کی تعداد 33 رہی۔ ادب اطفال میں کچھ مدیران کے رویے سے بددلی ہوئی تو کچھ مثبت لوگ بھی ملے  ۔ الحمد للہ لکھنے کے لیے نئے پلیٹ فارم میسر ہوئے اور 61 کہانیاں مختلف رسالوں میں شائع ہوئیں جن میں ماہنامہ بقعہ نور، فہم دین ، ذوق و شوق ، ساتھی ، انوکھی کہانیاں ہفت روزہ اہمیت اور دو ماہی مہک کے علاوہ باغیچہ اطفال شامل ہیں ۔لکھنے کے لئے ذہنی تروتازگی مطالعہ کے بغیر ممکن نہیں اس مرتبہ مجھے ستر کے قریب کتب تحفے کے طور پر اور برائے مطالعہ موصول ہوئیں ان کے علاوہ کچھ کتب خرید کر پڑھنے کا موقع بھی ملا ۔

نو کتب پر مصنفین نے فلیپ لکھنے کی سعادت بخشی اور تقریبا تئیس کتب پر مطالعہ کے بعد تبصرے لکھے جو مختلف ویب سائٹس کے علاوہ قومی  اخبارات اور پڑوسی ملک بھارت کے مختلف روزناموں میں شائع ہوئے ۔ افسانوں وکہانیوں کی اشاعت کے ساتھ میری کتب کی اشاعت کے لیے 2024ء بہترین رہا اور رب العزت نے میری تحاریر کو دو افسانوی مجموعوں کی شکل میں مرتب کیا ان کے نام یہ ہیں:

دل پیار کی بستی

سید پورہ کی حویلی

اورادب اطفال کے میدان میں میری کہانیاں تین کتب میں سامنے آئیں جن کے نام یہ ہیں

1۔۔تیمور کیسے بدلا ؟

2 ۔ننھا بہادر

3۔۔چنکی اور ریل گاڑی

ان میں “ننھا بہادر “کا ایک ایڈیشن پڑوسی ملک بھارت سے بھی شائع ہوا ۔یہ سب کتب پریس فار پیس پبلیکیشنز سے شائع ہوئیں۔جبکہ  ” سارے دوست ہیں پیارے ” کا دوسرا ایڈیشن اور    نئی کتاب  ” پورے ہوئے سب خواب ” (ڈرامہ) اشاعت  کے  لیے پریس جا چکی ہیں۔

منشورات سے میری بچوں کی چار کتب

راجے کی بیٹی

بسم اللہ کا جن

محبت کا خزانہ

بونگوں کی بستی

کے نئے خوبصورت ایڈیشن شائع ہوئے جبکہ البدر پبلی کیشنز سے میری کتاب “جلد باز “کا بھی نیا ایڈیشن شائع ہوا۔

کتابوں کو لکھنا کافی نہیں بلکہ قارئین تک پہنچانے کا بندوبست کرنا کسی بھی مصنف کے لئے کاردشوار ہوتا ہے۔

میں نے فیس بک پر جشن آزادی کے سلسلے میں پچاس فیصد رعائتی قیمت کا اشتہار لگایا ۔اللہ کا بہت کرم رہا کہ قارئین نے اسے پذیرائی بخشی اور چند دنوں میں میری سینکڑوں کتب فروخت ہوئیں  ۔

یہی نہیں میری نئی کتب کو بھی ہاتھوں ہاتھ لیا گیا تاکہ اس احساس تشکر کو اپنے قارئین تک منتقل کرسکوں کہ نعمتوں پر شکرگزار ہونا مزید نعمتوں کے حصول کا باعث بنتا ہے

دعا ہے جب تک زندگی کے سانس باقی ہیں اللہ رب العزت اسے اپنے لئے استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

میرے لئے یہ سال بہت مثبت اور مفید رہا اور میں اپنے رب کے ساتھ اپنے قارئین کی شکر گزار ہوں جن کی محبت اور تبصرے میرے قلم کو رواں رکھنے کا باعث بنے

وما توفیقی الا باللہ

اگلے سال زندگی نے مہلت دی تو افسانے اور بچوں کی کہانیوں سے ہٹ کر کچھ کام کرنے کا ارادہ ہے۔ اپنے ان پیاروں کی یاد میں لکھے گئے مضامین کو کتابی شکل دینے کا خیال ذہن میں ہے جو متفرق رسالوں میں شائع ہوئے۔ ان کے علاوہ ادب کی مختلف اصناف سے تعلق رکھنے ڈیڑھ سو کے لگ بھگ کتب جن پر میرے مفصل تبصرے شائع ہوچکے ہیں انہیں کتابی شکل میں یکجا کرنے کی خواہش ہے۔ باقی یہ کہ یہ سب کروانے کی قدرت میرے رب کے پاس ہے ۔۔

: کچھ خوشیاں کچھ آنسو دے کر ٹال گیا،

جیون کا اک اور سنہرا سال گیا۔

قانتہ رابعہ


Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Comments

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact
Skip to content