تحریر: منیبہ عثمان
اللہ تعالیٰ نے دنیا کی رونق کو بڑھانے اور زندگی کے لطف کو دوبالا کرنے کے لیے کائنات میں جا بجا مختلف زاویوں سے حسن بکھیر دیا ہے۔ نیلگوں آسمان، فلک شگاف پہاڑ، حسین وادیاں، بہتے دریا، لہلہاتے کھلیان، دن کی پر نور رعنائی اور رات کی چمک دمک سب مل کر بہترین منظر نگاری کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے انسان کو ‘احسن تقویم’ کی توجیہ پر بنا کر اس جمالیاتی خوبصورتی کو مکمل کر دیا ہے۔
زمیں سے آسماں تک تو نے جو جو رنگ رنگے ہیں
یہ رنگ آمیزیاں کوئی دکھا سکتا ہے کیا قدرت
ہزاروں گل ہزاروں گل بدن تو نے بنا ڈالے
کوئی مٹی سے ایسے گل کھلا سکتا ہے کیا قدرت
قدرت کا ایک خوبصورت تحفہ، نطفے سے اپنا سفر شروع کرتا ہوا ایک مکمل جیتا جاگتا شاہکار جب اپنے والدین کی گود میں آتا ہے تو ماں باپ کی پوری زندگی کا مقصد اور محور بن جاتا ہے۔
ہر دن چڑھتے ان معصوم بچوں کی ننھی منی حرکات دل کو طمانیت بخشتی ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے جب بچہ بیٹھنے اور چلنے لگتا ہے تو گھر میں ہر طرف مسکراہٹیں، قہقہے بکھیرتا چلا جاتا ہے۔
ہر آنے والا دن ایک نئی حرکت اور ایک نئی بات کا لطف لیے آتا ہے اور دوڑتے بھاگتے، معصوم شرارتیں، ٹوٹے پھوٹے الفاظ میں بات کرتے، ہاتھ پاؤں چلتے، ادھر دوڑ، ادھر پکڑ، ، گھر کا ہر فرد ایک متحرک آپریشن میں مصروف دکھائی دیتا ہے۔ بچوں کے پیچھے بھاگنا، انکے الفاظ کے جوڑ توڑ کو سمجھنا اور پھر بے تکی باتوں پر زبردستی ہنسنا ہماری روزمرہ زندگی کا معمول بن جاتا ہے۔
لڑکے ہوں تو ان کے اپنے رجحانات ہوتے ہیں۔ گاڑیوں سے کھیلنا، نت نئی آوازیں نکالنا، بہن بھائیوں کو چھیڑنا، بھاگنا دوڑنا اور کبھی نہ تھکنا، اچھلنے کودنے والی کھیلوں کے نت نئے تجربے کرنا، یہ سب لڑکوں کا خاصا ہے۔
جبکہ ننھی پریاں زیادہ تر پرسکون اور بیٹھ کر کھیلنا، باتیں کرنا، کھلونوں اور گڑیوں کے ساتھ کھیلنے کو ترجیح دیتی ہیں۔
غرض یہ کہ گھر کا اور دل کا آنگن ان آوازوں سے ایک خاص رغبت رکھتا ہے۔ دل کا سکون، آنکھوں کی ٹھنڈک اور مکان کو گھر بنانے والی یہ آوازیں زندگی کا حسن ہیں۔
Discover more from Press for Peace Publications
Subscribe to get the latest posts sent to your email.