ادبِ اطفال کے افق پر امجد شریف ایک ایسا نام ہیں جو نہ صرف فکری گہرائی بلکہ تحریری سچائی اور ادبی مقصدیت کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ اُن کی تیسری تصنیف “آؤبچو،سنو کہانی” جلد ہی منظر عام پر آنے والی ہے اور یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ یہ کتاب موجودہ دور میں بچوں کے لیے تخلیق کردہ مواد میں ایک قابلِ ذکر اضافہ ثابت ہو گی۔
آو بچو سنو کہانی محض روایتی کہانیوں کا مجموعہ نہیں بلکہ یہ ایک فکری منصوبہ ہے جس کا مقصد نئی نسل کو تاریخ، دینی واقعات اور زندگی کے بنیادی اسباق سے روشناس کرانا ہے۔ امجد شریف نے اس کتاب کو تیار کرنے میں محض تخلیقی ہنر مندی کا مظاہرہ نہیں کیا، بلکہ تحقیقی محنت، حوالہ جاتی دیانت اور فکری بصیرت کی ایسی مثال قائم کی ہے جو اردو ادب میں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔
پردیس میں قیام، محدود وقت اور مشقت بھرے معمولات کے باوجود جس سلیقے سے مصنف نے اس کتاب کو تحریر کیا ہے، وہ نہایت قابلِ تحسین ہے۔ اُن کی کاوش اُس وقت سامنے آ رہی ہے جب معاشرہ فکری انتشار، عدم برداشت اور اخلاقی بحران جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ اس تناظر میں یہ کتاب بچوں کے لیے نہ صرف ایک مثبت فکری حوالہ بن سکتی ہے بلکہ ان کی اخلاقی و ذہنی تربیت میں بھی مؤثر کردار ادا کرے گی۔
ہر کہانی میں موجود تاریخی عمق، واقعات کی فصیح و بلیغ پیشکش، اور سبق آموز عناصر اسے دیگر روایتی کتابوں سے ممتاز کرتے ہیں۔ یہ کتاب والدین کے لیے بھی ایک موقع ہے کہ وہ بچوں کے ساتھ روزانہ ایک کہانی پڑھ کر اُن سے مکالمہ کریں اور اُن کی سوچ کو مثبت رخ دیں۔ مصنف کی جانب سے کتاب میں نوٹس کے صفحات کی شمولیت اس بات کی غمازی ہے کہ یہ محض مطالعہ نہیں بلکہ ایک تدریسی تجربہ ہے۔
امجد شریف صاحب کا تعلق راولاکوٹ سے ہے اور وہ ایک حساس مزاج، علم دوست اور اصول پرست شخصیت کے حامل ادیب ہیں۔ ان کی پہلی کتاب “درِ زنداں”، جس کی تقریب رونمائی مظفرآباد میں اُن کی غیر موجودگی میں منعقد ہوئی، اُس وقت کے ریٹائرڈ چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جناب سید منظور گیلانی کی صدارت میں ہوئی تھی۔
ان کی دوسری کتاب “خواب ابھی باقی ہے” کی تقریبِ رونمائی  نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوئی،
آؤبچو سنو کہانی امجد شریف کی تخلیقی وابستگی، فکری سنجیدگی اور قومی شعور کا ایک منفرد اظہار ہے۔ ادبِ اطفال میں اس نوعیت کی تحریریں ایک قیمتی اثاثہ ہیں اور توقع ہے کہ یہ کتاب والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے لیے ایک مؤثر ذریعہ تربیت بنے گی۔
امجد شریف کو اس منفرد اور بامقصد تخلیق پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

آ ؑؤ بچو، سنو کہانی ، امجد شریف
آ ؑؤ بچو، سنو کہانی ، امجد شریف

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Comments

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

Skip to content