زیر تبصرہ کتاب :- “مداری “( افسانوی مجموعہ )
مصنفہ :-    ہدایہ السبیل
تبصرہ نگار ؛- فرح ناز فرح

ادب کے وسیع ترین افق پر ہر گزرتے دن کے ساتھ نئے اور پہلے سے زیادہ روشن ستارے جگمگاتے نظر آتے ہیں جو اردو ادب کو کبھی مدہم نہیں ہونے دیں گے لوگ گمان کرتے ہیں کہ یہ کتابیں پڑھنے والو کی آخری صدی ہے یہ صرف گمان ہی ہے انگلیاں جب کتاب کا لمس پاتی ہیں تو آنکھیں روشن ،دماغ متحرک اور وقت رک سا جاتا ہے ۔
آج میرے ہاتھوں کو ایسی ہی اک کتاب کا لمس نصیب ہوا جی ہاں ہدایہ جی کی کتاب “مداری “موصول ہو ئی تو کچھ دیر تو اس کا ٹائٹل اور کچھ وقت اس کے نام کی معنویت پر غوروفکر میں گزر گیا زیر تبصرہ کتاب روایتی افسانوں سے ہٹ کر سوچ کو نئے زاویے دیتی تحاریر کا مجموعہ ہے –
مداری نام سے انسانی کینوس پر تین چیزوں کا عکس نمودار ہوتا ہے ڈگڈگی ، تماشہ دکھانے والا بندر ، اور مجمع – غور کریں تو یہی تو زندگی ہے ہاں مداری ، بدل جاتا ہے مجمع اور تماشہ تبدیل ہوجاتا ہے مگر ڈگڈگی تو وہی رہتی ہے جس کے شور پر تماش بین جمع ہوتے ہیں ۔
کتاب کا ہر افسانہ خصوصی توجہ کا طالب ہے ، چست اور بامعنی جملے ، سادہ اور فصیح بات قاری کی فکری اور نظریاتی گرہیں کھولتے جاتے ہیں
ہدایہ کی تحریریں عشق کا بڑا خوب صورت فلسفہ پیش کرتی ہیں جیسے
“ یہ عشق باہر سے چور راستوں سے نہیں آتا یہ تو اندر کی روشنی سے پھوٹتا ہے کملی! یہ نہیوان سے نہیں آتا یہ تو خود معراج ہے، یہ راستہ بناتا نہیں یہ تو راستہ دیتا ہے “ (کملی ڈوڈی )
کہیں مصنفہ نثر میں شاعری کرتی نظر آئیں تو کہیں کسی صوفی کے روپ میں مکالمہ کرتی کہیں “آخری نسل “ میں زمین کے دکھ پر روتی نظر آئیں تو کہیں ماحولیاتی تباہ کاریوں پر مایوس
“مٹی سے محبت نہیں کریں گے تو زمین تنگ ہو جائے گی “(آخری نسل ) یہ جملہ اپنے آپ میں بہت گہرائی رکھتا ہے
مصنفہ کا قلم عورت کی نفسیات اور بے توقیری پرایک نشتر کی طرح چلتا محسوس ہوا معاشرے کے گھناؤنے اور غلیظ کردار ہمارے آس پاس موجود ہیں بس محتاط رہنے کی ضرورت ہے ہدایہ جی نے خبردار کر دیا ہے –
مداری مجموعی طور پر تجریدی ، تمثیلی ، معاشرتی اور نفسیاتی کہانیوں کا مجموعہ ہے ۔
خود کلامی ، معرفت ، اور تصوف مداری کے موضوعات ہیں ۔
تماش بین کو تماشہ بننے میں کتنی دیر لگتی ہے ، یہ آپ مداری پڑھنے کے بعد بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں –
ہدایہ کی تحاریر پڑھنے کے بعد مزید پڑھنے کے شوق کو مہمیز ملی ہے امید ہے پھر ایک اچھا ادب پڑھنے کو ملے گا اتنی خوب صورت  تخلیق پر مصنفہ کو میری طرف سے بہت مبارکباد میری عزت افزائی کہ آج مداری میری لائبریری کی زینت بنی
پریس فار پیس پبلشرزکے اس کارنامے پر بھی 
اسی طرح کامیابیاں سمیٹنے اور خوشیاں بانٹنے میں اللہ ہمیشہ آپ کا ساتھ دے
خیر خواہ
فرح ناز فرح


Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Comments

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

Skip to content