تبصرہ نگار ؛ حفصہ محمد فیصل کراچی

پچھلے دنوں پریس فار پیس کے توسط سے کراچی بک فیئر میں احمد حاطب صدیقی صاحب سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا، وہیں ان سے ان کی نظموں کی کتاب کے متعلق استفسار بھی کیا تھا۔ جب انہوں نے کہا کہ ”فی الحال تو دستیاب نہیں“ تو دل اداس ہوا، لیکن پھر چند ہی دنوں کے بعد پریس فار پیس کی جانب سے ایک خوشخبری سننے میں آئی کہ احمد حاطب صدیقی کی کتاب ”کھٹی میٹھی نظمیں“ زیر طباعت ہے، جس کی پیشگی بکنگ جاری ہے۔ بس! اندھا کیا چاہے، دو آنکھیں۔۔
فوراً سے پیشتر کتاب کی بکنگ کروائی اور انتظار کرنے لگے۔
دو دن قبل کتاب میرے ہاتھوں میں کتاب موجود تھی۔ خوبصورت اور اعلیٰ پیپر کے ساتھ رنگین تصاویر سے مزیّن ایک خوبصورت کتاب شائع کرنا ”پریس فار پیس پبلیکیشنز“کا ہی خاصہ ہے۔
پہلے ہی صفحے پر ایک پیارا سا آٹوگراف مع احمد حاطب صدیقی صاحب کے دستخط کے نظر آیا۔
” پڑھنے ہی سے عزت ہے
بات یہ بیٹا یاد رہے “
مختصر پر اثر سا یہ آٹوگراف دل میں سما گیا۔
کتاب میں کل 14 نظمیں ہیں۔ جن میں اپنے لڑکپن کی بیشتر یادوں کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کے بچپن کی بھی کئی یادیں تازہ ہوگئیں۔
”تانگے کا ایک گھوڑا“ والی نظم ہمارے بچے فرمائش کر کر کے سنتے تھے اور ہم لہک لہک کر انہیں سناتے تھے۔ ”یہ بات سمجھ میں آئی نہیں، امی نے سمجھائی نہیں“ تو بچوں کو  ازبر تھی۔
اسی طرح ”استاد محترم کو میرا سلام کہنا“ ایک شہرہ آفاق نظم ،جو شاید ہی کسی نے نہ سنی ہو۔ ہر ہر نظم اپنے اندر جامعیت معنویت اور دلچسپی لیے ہوئے ہے۔
احمد حاطب صدیقی نثر اور نظم دونوں فنون کے بادشاہ ہیں اور راقم ان کی فین ہے۔
”کھٹی میٹھی نظمیں“ پرائس فور پیس نے شائع کر کے بچوں کو ایک خوبصورت کتاب سے نوازا ہے اور ساتھ ہی ہم بڑوں کو بھی پرانی یادیں تازہ کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ جس کے لیے میں پوری ٹیم کی تہہ دل سے ممنون ہوں۔ یہ ایک ایسی کتاب ہے جو بچوں کو بطور تحفہ دینے کے لیے بہترین ہے اور اسے ہر گھر کی لائبریری میں ہونا چاہیے۔ یہ کتاب کھٹے میٹھے انداز سے بچوں کو نہ صرف تفریح کا موقع فراہم کرے گی بلکہ انہیں کئی اصلاحی پہلوؤں سے بھی روشناس کروائے گی۔


Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Comments

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact
Skip to content