تاثرات: کومل شہزادی
پروفیسر کلیم احسان بٹ شاعر ،نقاد،محقق اور ماہر تعلیم ہیں۔پروفیسر صاحب بطور پرنسپل اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔علاوہ ازیں تدریس کے ساتھ آپ ادبی خدمات میں مصروف ہیں ان کی درجن سے زائد کتب تحقیق وتنقید اور شعری مجموعے منظرعام پر آچکے ہیں۔ان کی اہم کتابیات میں گجرات میں اردو شاعری ،تفہیم وتحسین،کارِ زیاں،حیرت باقی رہ جاتی ہے اور مقالاتِ کلیم وغیرہ شامل ہیں۔ان کا حال ہی میں شعری مجموعہ ” خدوخال خاک ہوئے”شائع ہوا۔خدوخال خاک ہوئے جس میں نعتیہ کلام اور غزلیات وغیرہ شامل ہیں۔
ہرانسان کا ضبط دوسرے سے امتیاز رکھتا ہے کچھ لوگ جو اہلیت رکھتے ہیں کہ وہ ہراذیت کو اپنے باطن تک محدود رکھتے ہیں اسے خارجی ہوانہیں لگنے دیتے یوں ان کی تکالیف محض انکی روح تک ہی رہتی ہیں لیکن کچھ افراد ایسے ہیں جن میں برداشت کا جذبہ کم ہوتا ہے صبرواستقلال نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔کچھ درد وتکالیف اس نوعیت کے ہوتے ہیں جو چھپانے سے بھی نہیں چھپائے جاتے ۔بقول شاعر:
اتنابھی ضبط تجھ کو خدا نے نہیں دیا
اےدردتونے زخم چھپانے نہیں دیا
جو شخص ہروقت کسی کو دستیاب رہے وہ اپنی اہمیت کھودیتا ہے یعنی وہ شخص اعلی خصوصیات کا حامل بھی ہوتو وہ اپنی اہمیت خود ختم کردیتا ہے۔
میں سب کودستیاب ہوں ہروقت دستیاب
یہ خاص بات ہے کہ بڑاعام شخص ہوں
ان کی شاعری کی ساخت اور تھیم کا فنی و فکری جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ ان کی شاعری ایک متوازن ساخت کی پیروی کرتی ہے، بغیر کسی رکاوٹ کے مختلف موضوعات کو خوبصورتی سے اشعار کا جامہ پہنایا گیا ہے۔ اشعار کا تکنیکی جائزہ لینے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ان کی شاعری کے فنی پہلو قابل تعریف ہیں، جو زبان پر ان کی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس کے شاعرانہ آلات کا استعمال اظہار کی فراوانی کو بڑھاتا ہے اور اشعار کو سحر انگیز اور فکر انگیز بناتا ہے۔اسلوب کے حوالے سے دیکھا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ شاعری میں بہترین منظر کشی اور جامع زبان کا استعمال جمالیاتی کشش میں اضافہ کرتا ہے۔ان کی شاعری بھرپور موضوعات اور فکری گہرائی سے عبارت ہے۔ اہل ذوق قارئین کے مطالعے کے لیے ان کی ایک غزل پیش خدمت ہے۔
الہام دے کے دٙ ہر میں بھیجا گیا ہمیں
بدبخت بستیوں میں اُتارا گیا ہمیں
پہلے ہمارے حوصلے پسپا کیے گئے
پھراُس کے بعد جنگ میں جھونکا گیا ہمیں
قاتل کو ڈھونڈتے ہوبھلا دُشمنوں میں کیوں؟
جب اس قدرقریب سےماراگیا ہمیں
غالب گماں یہی ہے کہ وہ لوٹ آئے گا
اپنی عزیز چیز وہ پکڑاگیا ہمیں
تم بھی عجیب شخص ہو ہم بھی عجیب شخص
پھر ایک ہی فسانے میں ڈالا گیا ہمیں
کتاب بطور تحفہ بھیجنے کے لیے پروفیسر صاحب کا شکریہ۔۔۔۔سلامت رہیے!