تاثرات:- عبدالحفیظ شاہد واہ کینٹ

عبدالحفیظ شاہد واہ کینٹ
عبدالحفیظ شاہد واہ کینٹ

پریس فار پیس نے ہمیشہ ادب کی تریج کے لیے اپنا  بہترین کردار ادا کیا۔ 2023 میں  عالمی مقابلہ افسانہ  نگاری ایونٹ منعقد کیا گیا۔ جس میں  لکھنے والوں کو انعامات  سے نوازا گیا بلکہ منتخب افسانوں پر مشتمل  کتاب کی اشاعت بھی  ممکن بنائی گئی ۔ اس مقابلے میں  اول پوزیشن افسانہ شمع اور قیدی( اقراء یونس صاحبہ) دوم پوزیشن  افسانہ “ان”(عاطف کاظمی صاحب) سوم پوزیشن افسانہ “ہجرت” (محمد شعیب خان صاحب) اور  افسانہ “ادھوری تخلیق” (عظمت اقبال صاحب)  نے مشترکہ طور پر  حاصل کی ہے۔
اس مقابلے کے منصفین کے فرائض  پروفیسر خالدہ پروین( نقاد ، تبصرہ نگار)،  فرح ناز فرح ( افسانہ  و ناول نگار ، شاعرہ  اور کرن عباس کرن( افسانہ و ناول نگار نے انجام دیے)۔    کتاب  “ 2023 کے بہترین افسانے” کے نام سے شائع  کی گئی۔
چند دن پہلے انتہائی نفیس کاغذ ،  عمدہ و دیدہ زیب پرنٹنگ ، شاندار ڈبل ٹائیٹل اور 202  بہترین صفحات پر مشتمل “2023 کے بہترین افسانے  ” موصول ہوئی۔ پریس فار پیس پبلی کیشنز  (یوکے) کا کام دیکھ کر انسان دنگ رہ جاتا ہے۔ کاغذ کے معیار کو دیکھ کر انسان دنگ رہ جاتا ہے کیونکہ آج کل اس معیار کے  اچھے پیپر کی کتابیں مشکل سے  ہی میسر آتی ہیں۔ کتاب کی طباعت ،ڈیزایننگ، اشاعت، پروف ریڈنگ تک ہر شعبہ بہترین  ہے۔ اس ادارے کا بہترین  کام دیکھ کر بے اختیار پریس فار پیس پبلی کیشنز ( یوکے )کے روح ِ رواں   پروفیسر ظفر اقبال   اور ادارے کی ٹیم کے لیے دل سے دعا نکلتی ہے ۔  منفرد  اور رنگوں سے سجے ٹائیٹل کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ ٹائیٹل پہلی نظر میں ہی  اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ بلاشبہ معیاری کتب  کی اشاعت کا  سہرا ہمیشہ  پریس فار پیس کے سر سجا رہے گا۔
اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ کتاب تخلیقی صلاحیتوں کا ایک انوکھا امتزاج ہے، جسے متعدد مصنفین نے تیار کیا ہے۔ یہ کتاب مختلف قسم کے افسانوں اور  خیالات اور بہترین  اسلوب پر مشتمل ہے جو قاری کی توجہ اِدھر ادھر  مبذول نہیں ہونے دیتی۔ ایک واحد مصنف کے کام کے برعکس مختلف نقطہ نظر اور تحریری انداز  اس کتاب  کی خوبصورتی میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ جیسے جیسے آپ  افسانوں کا یہ سفر طے کرتے ہیں، آپ کو  اندازہ ہوگا کہ ہر افسانہ  ایک بہترین  اور مختلف موضوع  پر مشتمل ہے۔ یہ تنوع اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ کتاب میں  ہر قاری کے لیے کچھ نہ کچھ موجود ہے۔
اگر آپ موضوعات کو برتنا اور بہترین افسانےلکھنے کا ہنر سیکھنا چاہتے ہیں تو یہ کتاب آپ کے قلم کی موضوعاتی زرخیزی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ کتاب صرف کہانیوں کا مجموعہ نہیں ہے بلکہ یہ مختلف پھولوں کا گلدستہ ہے جس کی خوشبو آپ کو  شاداب رکھتی ہے۔ بلاشبہ اس قسم کے تجربے ادب کی ترویج کے لیے بہت ضروری ہیں۔

Leave a Reply

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact