ہمارے آقا ﷺ کی شان اقدس میں دنیا بھر میں لاتعداد کتب لکھی جا چکی ہیں اور لکھی جارہی ہیں،مگر پیارے محبوبﷺ کی شان وکردار کا احاطہ کرنا کسی بشر کے بس کی بات نہیں اور نہ ہی آپﷺ کی سیرت و کردار کو احاطہ قلم میں لاکر صفحہ قرطاس پر ثبت کرنے سے کوٸی یہ حق ادا کر سکتا ہے (میں تو سمجھتا ہوں یہ بھی میرے سرکارﷺ کا معجزہ ہی ہے) مگریہ بات طے ہے کہ اللہ کریم جسے منتخب کرتا ہے وہی بندہ اس کے رسولﷺ کی حمدوثنآ بیان کرتا ہے اور کرداروسیرت پر قلم اٹھاتا ہے یہ سعادت کی بات ہے کہ کوئی لکھاری آپﷺ کی سیرت وکردار پر لکھنے کی سعی کرے ورنہ لکھنے والے تو بے شمار بلکہ لا تعداد ہیں یہ صرف سعادت کی بات ہے اور حکم خداوندی سے ان سعادت پانے والوں کی فہرست میں تسنیم جعفری صاحبہ نے بھی اپنا نام شامل کر لیا ہے۔یوں تو تسنیم جعفری کسی تعارف کی محتاج نہیں وہ سائنس فکشن کی بہترین لکھاری ہیں اور اس سلسلے میں ایک ساٸینس میگزین ”زیست“ بھی نکال رہی ہیں مگر ابھی رسول اللہﷺ کے بچپن،جوانی،کردار اور سیرت کے درخشاں پہلو پر بھی اپنے قلم سے ایک جواہر”نبیﷺ ہمارے“ کے نام سے تراشہ جو کہ عام فہم ،سادہ اور آسان زبان میں ایک عمدہ،معلوماتی اور دلکش کتابی شکل میں سامنے آیا،کتاب کی ترتیب وبیانیہ اور انداز تحریرایسا رواں اور حسین کہ میں خود جب مطالعہ کرنے بیٹھا تو پھر کتاب رکھنے کو جی ہی نہ چاہا اور ایک ہی نشست میں پوری کتاب پڑھ ڈالی،جو کہ ظاہر ہے کہ اس کے مواد،ترتیب اور حسن انتخاب پر ہی نہیں بلکہ انداز تحریر پر بھی گرفت پڑھنے والے کو سحر میں جکڑ لیتی ہے۔کتاب کا حسن تحریر اور انداز ایسا کہ یہ نسخہ ہر گھر کی ضرورت ہے اور بچے بھی بآسانی اسے پڑھ کر اپنے آقاﷺ کے بارے میں بہت کچھ جو انھوں نے اپنے تعلیمی سلیبس میں نہیں پڑھا اس کتاب سے اپنے علم میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
تسنیم جعفری قابل مبارک باد ہیں کہ انہیں یہ سعادت نصیب ہوئی اور انھوں نے آقاٸے کریمﷺ کے بچپن سے نبوت وآخری ایام تک اس کتاب میں سبھی موضوعات کو خوبصورتی سے یکجا کیا ہے کتاب میں آپﷺ کے اخلاق وکردار کے علاوہ معجزات و غزوات کا بھی تذکرہ ہے جسے محترمہ نے اختصار کے باوجود بہترین انداز میں بیان کیا ہے اس 240صفحات کے حسین گلدستہ میں آپ کو رسول اللہﷺ کے زندگی کے اہم گوشے سمجھنے میں پوری مددملے گی اوراس تیز رفتار دور میں جب لوگوں کے پاس وقت ہی نہیں تسنیم جعفری نے اس خزینے میں سرکارﷺ کی زندگی کے اہم پہلوٶں کو قلم بند کرنے کی پوری کوشش کی ہے وہ لوگ جو صخیم کتابوں سے کتراتے ہیں ان کے لیے بھی یہ تحفہ ہے کہ وہ اس کتاب سے اپنے نبیﷺ کے بارے میں بہت کچھ جان سکتے ہیں اور واقعی تحفے سے مجھے یاد آیا کہ،”نبیﷺ ہمارے“آپ نہ صرف اپنے بچوں کو گفٹ کریں بلکہ کتاب دوست ساتھی بھی اپنے احباب اور بچوں کو یہ بطور تحفہ پیش کر سکتے ہیں سیرت پاکﷺ پریہ ایک خوبصورت اور حسین اضافہ ہے ہمارے نبیﷺ کی شان ایسی ہے کہ رہتی دنیا تک اس پر لکھا جاتا رہے گا یہ پیارے نبیﷺ کا خاصہ ہی نہیں بلکہ ہمارے لٸے بھی باعث فخر ہے کہ ہم اس نبی کی امت میں سے ہیں ۔لکھنے والے تو خدا کی توفیق سے سیرت کے پہلو لکھ کر ہمیں آخرت میں اپنا مقام بنانے کے راز سمجھا رہے ہیں کاش ہم بھی اپنے نبی کے کردار کو اپنالیں تو ہمارا بھی بیڑہ پار ہے۔اللہ کریم تسنیم جعفری کی اس محبت کو اپنی بارگاہ میں قبول و مقبول فرمائے۔
ای میل تبصرہ نگار
Sydmzrmushtaq@gmail. Com
Discover more from Press for Peace Publications
Subscribe to get the latest posts sent to your email.