دانیال حسن چغتائی
بچوں کے لئے لکھنا کبھی آسان نہیں ہوتا کیونکہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ آپ کو خود بچوں کی ذہنی سطح پر جا کر لکھنا پڑتا ہے ۔ ادب اطفال میں بھی مختلف طرز کی تحاریر پڑھنے کو ملتی ہیں ۔ انہی میں سے ایک صنف ماحولیاتی تبدیلیوں کے متعلق لکھنا ہے ۔ محترمہ تسنیم جعفری صاحبہ کا نام ماحولیاتی آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے لکھنے والوں میں پاکستان میں سر فہرست آتا ہے۔
تسنیم جعفری صاحبہ کی ڈیڑھ درجن سے زائد کتب منظر عام پر آ چکی ہیں ۔ جنگل کہانی ان کتب میں ایک اور خوبصورت اضافہ ہے جسے پریس فار پیس فاؤنڈیشن نے نہایت اہتمام کے ساتھ شائع کیا ہے ۔ سرورق اگر چہ کارڈ شیٹ ہے مگر نہایت دیدہ زیب ہے۔ اور پہلی ہی نظر میں بچوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ سکتا ہے ۔ کتاب کا انتساب صاحب کتاب نے اپنی والدہ کے نام کیا ہے ۔ مصنفہ کے جامع تعارف کے بعد مظفر نازنین ، ڈاکٹر فضیلت بانو اور ارم ہاشمی کی تقاریظ شامل کی گئی ہیں ۔
ڈاکٹر مظفر نازنین اس کتاب کے حوالے سے لکھتی ہیں ۔
” سائنسی جنگل کہانی ادب اطفال میں گراں قدر اضافہ ہے اور اس سے بچوں کی شخصیت اور معاشرتی ترقی کو تقویت ملے گی“۔
ڈاکٹر فضیلت بانو صاحبہ اس کتاب کے بارے میں کچھ یوں رقم طراز ہیں ۔
” سائنسی جنگل کہانی تسلیم جعفری کی لکھی ہوئی دلچسپ کہانیوں کا مجموعہ ہے جس میں جنگل کے باسیوں کی ہر کہانی سائنسی اور بنیادی ضروری معلومات فراہم کرتی ہے۔ تسنیم جعفری کے انداز تحریر میں دلچپسی اور روانی ہے“۔
کتاب اگر چہ ناول کے اسلوب پر ہے لیکن مختلف عنوانات کے تحت کہانیوں کو تقسیم کیا گیا ہے جو بچوں کی دلچسپی برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے ۔ کل انیس کہانیاں اس کتاب میں شامل کی گئی ہیں ۔ کہانیوں کی بنت بچوں کی نفسیات کے عین مطابق ہے ۔ انداز تحریر بھی دل موہ لینے والا ہے ۔
جانوروں کے کرداروں پر تمثیلی انداز میں لکھی گئی یہ کہانیاں بچوں کو ماحولیاتی آلودگی کے خطرناک مسئلہ سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ۔ آنے والے وقت میں اس دنیا کو بچوں نے ہی سنبھالنا ہے اور سنوارنا ہے ، اسی لئے جنگل کے رہائشی جانوروں کو مثال بنایا گیا ہے کہ وہ کس طرح اپنے جنگل کو صاف ستھرارکھتے ہیں اور حفظان صحت و سائنسی اصولوں کے مطابق زندگی گزارتے ہیں ، جب جانور ایسا کر سکتے ہیں تو انسان کیوں نہیں ؟
اس کہانی میں جنگل کو سنوارنے کے لئے ہر جانور سے اس کی استطاعت کے مطابق کام لیا گیا ہے، ان سب جانوروں کے بچوں نے مل کر کتنے اچھے طریقے اور سلیقے سے اپنے جنگل کو صاف اور گندگی سے پاک کیا ہے؟ اس طرح چاہیں تو ہمارے بچے بھی اپنی دنیا کو اچھا بنانے اور آلودگی سے پاک کرنے کے لئے کیا کچھ نہیں کر سکتے۔
کتاب کا کاغذ حسب معمول بہت عمدہ لگایا گیا ہے ۔ حجم بھی بڑے سائز میں رکھا گیا ہے ۔ پروف ریڈنگ کا معیار بھی برقرار رکھا گیا ہے ۔ میری خواہش ہے کہ اس کتاب کو ہر بچے تک پہنچنا چاہیے تاکہ کل کو نسل نو ماحولیاتی تغیرات کے مسائل سے نمٹ سکے ۔

 

 

 


Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Comments

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact
Skip to content