تسنیم جعفری صاحبہ
تسنیم جعفری صاحبہ
رائٹر
رائٹر

کیلنڈر پر برس کا ہندسہ تبدیل ہوتے ہی نیو ائیر کے حوالے سے تقاریب کا آغاز ہو جاتا ہے۔ رنگ و بو میں ڈوبی یہ محافل ماہ جنوری کے اختتام تک جاری رہتی ہیں۔

گزشتہ ہفتے منعقد کردہ نئے سال کی تقریب جس میں شرکت کرنے کا موقع ملا،  کئی زاویوں سے مختلف تھی۔ اول تو اس کی میزبان  و منتظم تسنیم جعفری صاحبہ تھیں،  جو ادب کی دنیا کا درخشاں ستارہ ہیں۔ دوم، محفل میں

شریک تمام احباب بھی ادبی میدان میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

یہی وجہ تھی کہ اس محفل میں خواتین کے محبوب روایتی موضوعات جیسا کہ برانڈذ ملبوسات، میچنگ جیولری، آویزے، یا خاندانی سیاسیات سے ہٹ کر نہایت مفید و معلوماتی گفتگو ہوئی۔

تمام خواتین لکھاری اعلی تعلیم یافتہ اور اکثریت درس و تدریس کے شعبے سے منسلک  ہیں۔

ان کی علمی و ادبی گفتگو ایک مالا کی مانند تھی جس کے موتی ہم جیسے نو خیز ادیب چنتے رہے۔

طعام کا اہتمام بھی پرتکلف اور خوش ذائقہ تھا۔ تسنیم جعفری کے ہاتھ کا ذائقہ تو لاجواب ہے ہی، اس محفل میں شریک دیگر ادیب خواتین کے تیار کردہ پکوان کھانے پر خوش گوار حیرت ہوئی کہ سب کے ہاتھ  قلم کی دولت کے ساتھ ساتھ لذت و ذائقہ سے بھی مالا مال ہیں۔

پریس فار پیس فاونڈیشن کی جانب سے بھیجے گئے دیدہ زیب ٹوکنز اور میزبان کی جانب سے نیو ایئر کی مبارکباد لیے منفرد تحفے اور وش کارڈز نے محفل کو چار چاند لگا دیئے

 ۔

دوران تقریب ادیب نگر تنظیم، جس کی منتظم خاص تسنیم جعفری ہیں،  کی جانب سے چنندہ ادیبوں کی خدمات کو شیلڈز کی صورت میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور ادیب نگر ایوارڈز پیش کئے گئے۔ اس موقع پر تسنیم جعفری صاحبہ کو بھی بہترین ادبی خدمات پر خاتون جنت فاطمتہ الزہرا ایوارڈ دیا گیا۔

محفل کی مناسبت سے کچھ ادبا  نے  مختصر  اور دلفریب نظمیں بھی پیش کیں۔

بعد ازاں ڈوبتی شام اور شدت پکڑتی ٹھنڈ کی مناسبت سے بھاپ اڑاتی چائے کا دور چلا جس کا لطف نئے سال کے خصوصی کیک نے دوبالا کر دیا جو سب نے مل کر کاٹا۔

 غرض، علم و ادب کی کرنیں بکھیرتی اس محفل میں معروف ادبی شخصیات کی صحبت میں  جہاں بہت کچھ سیکھنے کو ملا وہاں یہ ترغیب بھی ملی کہ ہم جیسے نو آموز لکھنے والے جو پیشہ ورانہ اور گھریلو مصروفیات کے باعث لکھنے کا سلسلہ موقوف کر دیتے ہیں، ان ادبا نے بھی گوناگوں مصروفیات میں سے اپنے قلم کیلئے وقت مختص کیا جس کے باعث ان کی ادبی تخلیقات ادب کے افق پر ستاروں کی مانند جگمگا رہی ہیں۔

 تمام شرکا و میزبان کے لئے نیک تمنائیں۔

تابندہ ضیاء۔ سینئر اکاؤنٹس آفیسر،  سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی


Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Comments

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact
Skip to content