تقریب پزیرائی پھولوں کی زبان
تقریب پزیرائی پھولوں کی زبان

ایکسپو سنٹر میں پہلے ہی دن تقریب وہ بھی ہمارے محبوب احمد حاطب صدیقی بھائی کے اعزاز میں، ان کی کتب کی رونمائی کے موقع پر۔۔سبحان اللّہ! لطف آگیا۔ تقریب کو چار چاند لگائے ہمارے مہربانوں ممتاز لائف کوچ،تربیت کار اختر عباس ،کالم نگری کے دبنگ اور شاندار کالم نگار،تجزیہ کار اور مصنف عامر ہاشم خاکوانی ،اور بچوں کے ادب کے بہترین کہانی کار نذیر انبالوی نے۔ حاطب صاحب کی محبت میں عشاق کھنچےچلے آئے تھے۔نظامت کی ذمہ داری دائرہ علم و ادب کے سیکرٹری جنرل سرفراز اجمل نے نبھائی۔ مجھ سمیت محمد نوید مرزا،ناصر زیدی،تسنیم جعفری,فلک ناز نور، ماورا زیب نے احمد حاطب صدیقی صاحب کے بارے میں اپنےتاثرات ،محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔

ادارہ پریس فار پیس  پبلی کیشنز کے زیر اہتمام شائع ہونے والی یہ دونوں کتب اپنے مواد اور معیار کے اعتبار سے اتنی شاندار ہیں کہ اس ادارے کی اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتب میں سر فہرست آگئی ہیں۔

اس کا مطلب ہے کہ اگر کتاب میں شامل مواد جان دار ہے، اس میں پڑھنے والے کے لیے کچھ نیا ہے تو پھر لوگ کتاب ضرور خریدیں گے۔ ویسےحاطب صاحب کا نام بھی بکتا ہے اور کچھ اپنی شگفتہ طبعی اور بذلہ سنجی سے بھی لوگوں کے دل جیتنے کا ہنر آتا ہے۔ اتنے معصوم آدمی ہیں کہ اپنی صلاحیت ،قابلیت اور مہارت چھپانے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں، لیکن وہ اپنے بارے میں بولیں نہ بولیں ،ان کی تحریر بولتی ہے۔بڑے خوبصورت مسجع و مقفع جملے، سلاست وشگفتگی کا دامن تھامے گنگناتے ہوئے ،دلوں کو گدگداتے ہوئے ،اور کاٹ دار جملوں کے نشتر تھامے، شرارتی بچے کی طرح اٹکھیلیاں کرتے،چھیڑتے ہوئے آگ کا دریا بھی پار کر جاتے ہیں۔ اردو زبان سے محبت رکھنے والوں کے لیے ان کا دم غنیمت ہے ۔حاطب صاحب کا قلم اتنی خوبصورت اردو لکھتا ہے کہ لوگ پڑھتے ہیں اور سر دھنتے ہیں۔ زبان کی اصلاح  کا معاملہ ہو،ادب یا ادب سے وابستہ قلم کاروں کی تخلیقات کا تذکرہ ہو، یا متروک و مردود الفاظ و محاورات کے مباحث ہوں۔۔۔ یہ مجاہد قلم کو تفنگ کے طور پہ استعمال کرتے ہوئے میدان میں کود پڑتا ہے۔اور سرخ رو ٹھہرتا ہے۔

بچوں کے شعری ادب میں انھیں اسماعیل میرٹھی سمجھا اور کہا جاتا ہے۔ اور سنجیدہ ادب میں انھیں مشفق خواجہ، مولوی عبد الحق ،رشید احمد صدیقی  جیسے بڑے ناموں کے پیرکاروں میں گنا جاتا ہے۔

شرکائے محفل، مہمانان خصوصی نے  جس پیرائے میں ان سے تعلق اور محبت کا اظہار کیا وہ احمد حاطب صدیقی کی عمر بھر کی کمائی ہے ۔

ادارہ پریس فار پیس مبارک باد کا مستحق ہے۔ اس ادارے کے بانی اور روح رواں ظفر اقبال صاحب کے حوصلوں کی داد بنتی ہے کہ فریب سود و زیاں سے بے نیاز ادب کی خدمت کا علم اتھائے ہوئے ہیں۔ ادارے کی ٹیم  فلک ناز نور صاحبہ کی معیت میں ہمہ وقت مستعد رہی۔ سب لوگ شکریے کے حق دار ہیں بالخصوص  حفص نانی صاحبہ ،ماورا زیب صاحبہ اور روبیہ مریم روبی صاحبہ ۔ان کے لیے دعاگو ہیں کہ یہ یونہی محفلیں سجاتے رہیں، ادب اور خوشیاں بانٹتے اور پھیلاتے رہیں

 

 


Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

Comments

Discover more from Press for Peace Publications

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

×

Send a message to us on WhatsApp

× Contact
Skip to content